وزیراعظم آزاد کشمیر کا ساری سیاسی قیادت کی مشاورت کے بعد بھارتی مظالم کیخلاف ایک دن پوری دنیا میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان

آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بیس کیمپ کا حقیقی کردار ادا کرنے کیلئے ذمہ داریاں مشترکہ طور پر اداکرے ،بحیثیت کارکن آزاد کشمیر کی جملہ سیاسی قیادت کے پیچھے چلنے کیلئے تیار ہوں ،راجہ فاروق حیدر

منگل 14 نومبر 2017 19:39

وزیراعظم آزاد کشمیر کا ساری سیاسی قیادت کی مشاورت کے بعد بھارتی مظالم ..
منگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت کی مشاورت کے بعد بھارتی مظالم کے خلاف ایک دن پوری دنیا میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت سے گزارش کرتا ہوں کہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بیس کیمپ کا حقیقی کردار ادا کرنے کے حوالے سے ذمہ داریاں مشترکہ طور پر ادا کریں ۔

میں بحیثیت کارکن آزاد کشمیر کی جملہ سیاسی قیادت کے پیچھے چلنے کے لیے تیار ہوں ،وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب قومی معاملات پر ذمہ داری کا احساس کریں ۔ ہندوستان کشمیریوں کی نسل کشی کی منصوبہ بندی کر چکا مگر وہ یہ بھول رہا ہے کہ کشمیریوں کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

(جاری ہے)

سبز علی و ملی خان نہ صرف پونچھ بلکہ آزادکشمیر بھر کی عوام کے ہیرو اور فخر ہیں ، مقبوضہ کشمیر کی عوام نے انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزادی کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے انسانیت کی تذلیل جاری ہے ،ہندوستان نے ایک کشمیری کو مارنے کے لیے انعام رکھا ہوا ہے ،دنیا بھر میں پاکستان ہمارا واحد وکیل ہے ،لائن آف کنٹرول پر ہماری حفاظت کے لیے ملک کے کونے کونے سے فوجی جوانوں نے شہادتیں پیش کیں،ہندوستان کے جبری قبضے کو قبول نہیں کرتے، حق خودارادیت تک جدوجہد جاری رہیگی ،پاکستان کے 20 کروڑ لوگ کشمیری عوام کی پشت پر ہیں ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا ،آزادکشمیر کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگ کے مقام پر سبزعلی خان ول ملی خان شہدائے منگ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع صدر ریاست سردار محمد مسعودخان ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی، چیئرمین علماء مشائخ کونسل عبیداللہ فاروقی، امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود، امیر جمیعت علماء الاسلام مولانا سعید یوسف، حریت کانفرنس کے رہنما یوسف نسیم، ممبر کشمیر کونسل عبدالخالق وصی ،حریت رہنما محمود احمد ساغر،سردار صغیر ایڈووکیٹ،صوفی محمد حسین آستانہ دوتھان شریف، عبدالرئوف کشمیری چیئرمین جے کے ایل ایف نے بھی خطاب کیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب مقبوضہ کشمیر کے معصوم بچوں کی آنکھوں سے مستقبل کے خواب چھینے جا رہے ہوں، ان کا ماورائے عدالت قتل عام کیا جارہا ہو اور انہیں چن چن کر لائن آف کنٹرول اور وادی کے اندر نشانہ بنایا جا رہا ہو تو ہم سیاسی بیانات میں الجھے رہیں اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو سکتی ہے۔یہ وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر دنیا کو ہندوستان کا چہرہ بین الاقوامی دنیا کے سامنے رکھیں اور ان مظلوم مسلمانوں کی مدد کریں اس حوالے سے قرآن مجید میں بھی واضح ارشاد موجود ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اور کوئی اگر ساتھ نہیں بھی دیتا تو میں تب بھی تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرونگا۔ خان محمدخان ، حسین شہید، علی بہادر، کرنل غلام رسول، کرنل ہدایت خان سمیت ایسے سینکڑوں گوہر نایاب سرزمین پونچھ نے پیدا کیے ہیں کہ جن کی اس خطے کیلئے لازوال خدمات ہیں ۔ ڈاکٹر نجیب میری کابینہ میں با صلاحیت وزیر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت کشمیری ہمار افرض ہے کہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بین الاقوامی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرواتے رہیں اور ان کو حق خود ارادیت کے وعدے یاد دلائیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کا مسئلہ موثر طریقے سے اجاگر کرنے کیلئے معروف سفارتکار سردار محمد مسعودخان کو بطور صدر منتخب کیا گیا۔

انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر کی ساری سیاستی قیادت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ۔ آزادکشمیر کے قیام کا مقصد ہی تحریک آزادی کشمیر ہے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے منگ میں سٹیڈیم بنانے ، سب ڈویژن میں ٹائون کمیٹی، کالج کا درجہ بڑھانے اور سڑک کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد ،پونچھ اور میرپور کو انتظامی لحاظ سے اختیارات کے مراکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ لوگوں کو مظفرآباد کا سفر نہ کرنا پڑے اور ان کے کام ڈویژنل سطح پر حل ہوں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے کردار دیا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کا مقدمہ بہتر انداز میں پیش کر سکے اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگی۔ وزیر اعظم نے کانفرنس کے انعقاد پر عبیداللہ فاروقی کو مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :