کئی دہائیوں سے افغان مہاجروں کی مدد کی، دہشتگردی کا زیادہ نقصان ہمیں ہوا،پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ جائز نہیں ‘ملک رفیق رجوانہ

ہم اًمن پسند ملک ہیں ،پاکستان تمام ممالک سے بہتر، مضبوط اور مؤثر تعلقات کا خیر خواہ ہے ہم اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں ‘گورنر پنجاب

منگل 14 نومبر 2017 19:48

کئی دہائیوں سے افغان مہاجروں کی مدد کی، دہشتگردی کا زیادہ نقصان ہمیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2017ء) گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا کہ ہم نے کئی دہائیوں سے افغان مہاجروں کی مدد کی، دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان ہمیں ہوا،دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لئے ہماری پاک ا فواج کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کی قربانیوں بھی قابل تحسین ہیں ،پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ جائز نہیں ، پاکستان خطے میں امن وامان کے حوالے سے پُرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کا لج یو نیورسٹی لاہورمیںشعبہ سیاسیات اور ہائر ایجو کیشن کمیشن کے زیر اہتمام ’’نقل مکا نی اور مہاجرین ‘‘کے موضوع پر تین روزہ عا لمی کانفرنس کا آغازکے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تین روزہ کانفرنس میں چین،بھا ر ت، بیلجیم ،نیپال اور تاجکستان سے 12سے زائد غیر ملکی ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں نامور ماہرِ سیاسیات پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی ،وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ،کانفرنس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم اًمن پسند ملک ہیں ،پاکستان تمام ممالک سے بہتر، مضبوط اور مؤثر تعلقات کا خیر خواہ ہے بالخصوص اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام الناس کی صحیح اور حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کو حکومت سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے بنیادی مسائل خصوصاً صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں کام کررہی ہے۔اس موقع پرنامورِ ماہرِ سیاسیات پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک اکیلا نقل مکانی یا مہاجرین کا مسئلہ حل نہیں کر سکتا،اس کے لیئے عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔

چاہے افغانستان ہو،عراق ہو،شام ہو یا کوئی اور ملک ان ممالک کے حالات کے پیچھے عالمی طاقتوں کا مخصوص ایجنڈا ہے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ جی سی یو شعبہ سیاسیات ہر سال ایک اہم موضوع پر عالمی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جو کہ انتہائی قابلِ ستائش ہے۔اس موقع پر کانفرنس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر خالد منظور بٹ کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں 31سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیئے جائیں گے۔