وزیر اعلی پنجاب سے نوجوانوں کے وفد کی ملاقات، تعلیمی مسائل پر گفتگو کی

نئی نسل روشن پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے، حکومت نے قوم کے نونہالوں کی آبیاری کے لئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں، شہباز شریف نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لئے کمپیوٹر لیبز جیسا انقلابی پراجیکٹ تیزی سے مکمل کیا گیا ہے ، اس پراجیکٹ کی بدولت نوجوان نسل بدلتے ہوئے عصری تقاضوں اور جدید علوم سے آراستہ ہو رہی ہے، ذہین طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کے شاندار منصوبے پر بھی عمل پیرا ہیں اور اب تک اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ دیئے جاچکے ہیں جبکہ امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز کو معروف بین الاقوامی درسگاہوں کے دورے کرائے جا رہے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب کی نوجوانوں کے وفد سے گفتگو

منگل 14 نومبر 2017 20:48

وزیر اعلی پنجاب سے نوجوانوں کے وفد کی ملاقات، تعلیمی مسائل پر گفتگو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ نئی نسل روشن پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے، اس لئے قوم کے نونہالوں کی آبیاری کے لئے ہم نے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لئے کمپیوٹر لیبز جیسا انقلابی پراجیکٹ تیزی سے مکمل کیا گیا ہے اور اس پراجیکٹ کی بدولت نوجوان نسل بدلتے ہوئے عصری تقاضوں اور جدید علوم سے آراستہ ہو رہی ہے، اسی طرح ذہین طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ کی تقسیم کے شاندار منصوبے پر بھی عمل پیرا ہیں اور اب تک اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ دیئے جاچکے ہیں جبکہ امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز کو معروف بین الاقوامی درسگاہوں کے دورے کرائے جا رہے ہیں۔

نوجوانوں کی ترقی کے پروگراموں کی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں پاکستان کی تمام اکائیوں کے بچے اوربچیاں شامل ہیں اور مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات کے باعث قومی یکجہتی اورقومی وحدت کو فروغ ملا ہے۔

(جاری ہے)

وہ نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ وسائل سے محروم ہونہار طلبا و طالبات کے تعلیمی سلسلہ کو جاری رکھنے کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے اور اس تعلیمی فنڈ سے لاکھوں طلبا و طالبات اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام نئی نسل کو تعلیم دے کر بااختیار بنانے کے حوالے سے ایک تاریخ ساز اقدام ہے اور حکومت کے اس انقلابی پروگرام سے ہزاروں طلبا و طالبات انجینئرز، ڈاکٹرز، بینکرز، سائنسدان اور معاشی ماہرین بن کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے جس کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور آبادی کا یہ حصہ پاکستان کی ترقی کیلئے امید کی کرن ہے جس کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے۔

ملک کی آبادی کے اس بڑے حصے کو بااختیار بنا کر ترقی کا سفرتیزی سے طے کریں گے اور اسی لئے ہماری حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اورانہیں بااختیار بنانے کیلئے بے مثال پروگرام شروع کئے ہیں اور قوم کے تابناک مستقبل کیلئے نوجوانوں کوجدید علوم سے آراستہ کرنے پراربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں طلباء و طالبات چین میں چینی زبان سیکھ رہے ہیں اور اسی طرح طلباء و طالبات کا وفد ترک زبان کے کورس کیلئے ترکی بھجوایا گیاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ہدف کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک لاکھوں نوجوان فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوچکے ہیں اور باعزت روزگار کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں میرٹ کاراج ہے اورتمام شعبوں میں میرٹ ہی چلتا ہے۔ صوبے میں سفارش،دھونس دھاندلی،اقرباء پروری اورکرپشن کے بتوں کو توڑ دیا گیا ہے اور نوجوانوں کی ترقی کے تمام پروگراموں میں میرٹ ہی سکہ رائج الوقت ہے۔

تمام اداروں میں میرٹ کے ذریعے باصلاحیت اور اہل افراد کو شامل کیا گیاہے کیونکہ میرٹ ہی ترقی اور آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کا سفر نوجوانوں کو ترقی کاانجن بنا کرہی طے کیا جاسکتا ہے اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اس جانب رجحان ساز اقدامات کئے ہیںاور تعلیمی شعبہ کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیںاور نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے لئے آئندہ بھی وسائل میں کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ ****