مسلم لیگ (ن) کی قیادت کسی بھی بدعنوانی میں ملوث نہیں، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو صرف ایک اقامے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 14 نومبر 2017 22:24

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کسی بھی بدعنوانی میں ملوث نہیں، سابق وزیراعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی امور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کسی بھی بدعنوانی میں ملوث نہیں کیونکہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو صرف ایک اقامے کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کیس میں محمد نواز شریف پر کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک بھر میں سی پیک سمیت عوامی فلاح و بہبود کے متعدد میگا منصوبے شروع کیے اور شفافیت کو یقینی بنایا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی اداروں اور جمہوریت کے استحکام کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ڈکٹیٹر کے ساتھ این آر او سائن کیا لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) نے این آر او سے کوئی فائدہ حاصل نہیں کیا۔