سٹیک ہولڈرز ،افراد معاشرہ کو بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے اپنی خدمات فراہم کرناہونگی ‘ مختار احمد بھرت

جمعہ 17 نومبر 2017 12:39

سٹیک ہولڈرز ،افراد معاشرہ کو بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے اپنی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) صوبائی وزیر بہبود آبادی مختار احمد ملک بھرت نے کہا ہے کہ سٹیک ہولڈرز اور افراد معاشرہ کو بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کیلئے اپنی خدمات فراہم کرناہونگی اس سلسلے میں مذہبی سکالرز بھی بنگلہ دیش کی طرح اپنا فرض ادا کریں تاکہ آنے والے دور میں ممکنہ خدشات سے بچا جاسکے محکمہ بہبود آبادی مسلسل خاندانی منصوبہ بند ی اور آبادی سے منسلک مسائل سے عوام الناس کو آگاہ کررہا ہے اس وقت پنجاب کے ہر کونے میں ماں،باپ اوربزرگوں کو رشتہ اور عمر کی نوعیت کے اعتبار سے بہبودآبادی کے خصوصی پروگرام کے تحت پیغامات دئیے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار یہاں صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں سول سوسائٹی کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک بڑا مسلہ ہے جس سے زندگی کا ہرچیلنج ملحق ہے ہمارے ملک کو درپیش مسائل کا حل بھی آبا دی پر کنٹرول پانے سے ہوگا اپنی نئی نسل کی بہتر تعلیم و تربیت کے لیے ضروری ہے کہ اپنا فیملی سائزمنصوبہ بندی کے تحت ترتیب دیا جائے تاکہ ان کی مساوی توجہ اور محبت سے پرورش کرکے انہیںمعاشرے اور قوم کا کارآمد شہری بنایا جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی پاپولیشن پالیسی منظور ہوچکی ہے اور محکمہ پہلے سے بھی زیادہ محنت اور لگن سے آبادی میں توازن پیدا کرنے کے لیے کوشاںہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو خاندانی منصوبہ بندی کے لیے بہت سی معیاری اور مفت سہولیات فراہم کررہی ہے تاکہ مانع حمل ادویات کے استعمال کو بڑھا کر آبادی کے تیزی سے بڑھنے کی رفتار کو کنٹرول کیا جاسکے اس مقصد کے تحت صوبہ کے ہر دیہاتی و شہری علاقوں میں ہمارے سنٹرز موجود ہیںجو نا صرف لوگوں کی کونسلنگ کر رہے ہیںبلکہ انہیں جراحی کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں ۔