بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنائے جانے کا انسانی حقوق کے عالمی اداروں ، عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے، راجہ محمد فاروق حیدر

عالمی برادری بھارت سے پوچھے ایل او سی پر شہید ہونیوالے بچے ،خواتین کون سی دہشت گردی میں ملوث ہیں، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والی خاتون کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، وزیراعظم آزاد کشمیر کا بیان

جمعہ 17 نومبر 2017 16:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنائے جانے کا انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور بین الاقوامی برادری کو نوٹس لینا چاہئے۔ عالمی برادری بھارت سے پوچھے کہ ایل او سی پر شہید ہونے والے بچے اور خواتین کون سی دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والی خاتون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول کو سول آبادی کے لیے نو گو ایریا بنا دیا ہے۔ بھارت کی کوشش ہے کہ لائن آف کنٹرول کی سویلین آبادی کو پیچھے دھکیل دیا جائے۔ لیکن بھارت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ایل او سی کے 5لاکھ عوام بھارت کے جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ایل او سی کے 5لاکھ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیں گے۔ ہندوستان پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خطہ کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون کی شہادت قابل افسوس ہے بھارت ایل اوسی پرنہتے عوام کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا ہو گا۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر محدود جنگ شروع کر رکھی ہے بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیاں خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ عالمی برادری نے بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کا نوٹس نہ لیا تو خطے کے کروڑوں عوام کی زندگیاں دائو پر لگ جائیں گی۔ بھارت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر اس نے ایل اوسی پر کسی ایڈونچر کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر حاصل کرنے کی باتیں انتہا پسند ہندوئوں کو خوش کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں عوامی مزاحمتی تحریک کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی بھارتی فوج کا حوصلہ بڑھانے کی ناکام کوشش ہے۔ بھارت آزاد کشمیر کی طرف دیکھنے کی غلطی بھی نہ کرے۔ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر کو بھارتی جبر سے آزاد کروا کر دم لیں گے ۔

کشمیری اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔ دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ایل اوسی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ عوام کو جملہ سہولیات مہیا کی جائیں۔محکمہ صحت اور سول انتظامیہ سمیت تمام ادارے آپس میں لیزان رکھیں۔ زخمیوں کو عالج معالجہ کی تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کے لیے حکومت تمام تر وسائل مہیا کرے گی۔ ایل او سی کے شہداء اور زخمیوں کے لئے معاوضہ جات میں معقول اضافہ کر دیا گیا ہے۔ متاثرین کو املاک کے نقصانات کا بھی معقول معاوضہ ادا کیا جائے گا۔