وزیراعظم فاروق حیدر اور سینئروزیرطارق فاروق کے دورہ برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے ممبران سے مسئلہ کشمیر پرحمایت حاصل کرنے ‘مقبوضہ ریاست جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف توجہ دلائی گئی ہے

رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹرسجاد حیدرکریم کی بات چیت

جمعہ 17 نومبر 2017 16:13

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 نومبر2017ء) ممبر یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹرسجاد حیدرکریم نے کہاہے کہ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان اور سینئروزیرچوہدری طارق فاروق کے حالیہ دورہ برسلز کے دوران یورپی پارلیمنٹ کے ممبران سے مسئلہ کشمیر پرحمایت حاصل کرنے اور مقبوضہ ریاست جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف توجہ دلائی گئی ہے اور یورپی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کی کمیٹیوں کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھانے کی درخواست کی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کوبین الاقوامی سطح پرسناجائے۔

اس حوالے سے یورپی پارلیمنٹ میں کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے چیئرپرسن کو سرکاری طورپرایجنڈے میں شامل کرنے کی تحریری درخواست کی ہے کہ اس مسئلے کو ایجنڈے میں شامل کیاجائے ،مجھے جیسے ہی جواب آیا تو مزید کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرآواز بلند کرتے رہیں گے اوریورپی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے کمیشن میں بھرپورانداز میں اٹھائیں گے۔

پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے ۔ مسئلہ کشمیر حتمی حل کی طرف بڑھ رہاہے اس مسئلہ کے حل کے لیے جموں وکشمیر کے عوام کی آراء کوبھی شامل کیاجاناضروری ہے۔ یورپی یونین میں سب سے اچھادوست برطانیہ ہے جس نے پارلیمنٹ میں اس مسئلے پربحث کروائی ہے اگر یورپی یونین سے برطانیہ الگ ہوجاتاہے تو اس سے کشمیرکاز میںخلا پیداہوجائے گی۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے آزادکشمیر کے سینئروزیر،وزیرفزیکل پلاننگ، ہائوسنگ، زراعت ولائیوسٹاک چوہدری طارق فاروق کی طرف سے دیئے گئے پرتکلف عشائیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ تقریب سے آزادکشمیرکے سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق ، وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچرچوہدری محمدسعید، سابق وزیروممبراسمبلی چوہدری رخساراحمدخان، چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضاسید، لبریشن لیگ کے صدر( ر) جسٹس عبدالمجید ملک، پیپلزپارٹی کے سینئرنائب صدروسابق وزیرچوہدری پرویز اشرف، مسلم کانفرنس کے سینئرنائب صدرو سابق وزیرمرزاشفیق جرال،پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر چوہدری ظفرانور، ڈائریکٹرجنرل ایم ڈی اے چوہدری اعجاز رضا، ڈائریکٹرجنرل کشمیرلبریشن سیل فداحسین کیانی نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پرممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری مسعود خالد، پیپلزپارٹی کے چوہدری قاسم مجید، پی ٹی آئی کے سابق امیدواراسمبلی چوہدری عبدالرزاق، سابق چیئرمین ضلع کونسل صوفی رشید، چیئرمین ضلع کونسل گجرات چوہدری محمدعلی تنویر، سابق امیدواراسمبلی چوہدری نذیرانقلابی، سابق ممبراسمبلی چوہدری عارف، سابق امیدواراسمبلی راجہ وسیم خالد، ضلعی صدرمسلم لیگ ن چیئرمین چوہدری عبدالمالک، صدرآزادجموںوکشمیر چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری غلام مصطفی، صدر ڈسٹرکٹ بار میرپورشبیرشریف ایڈووکیٹ، صدرڈسٹرکٹ بار بھمبر عارف سرفراز، کمشنر میرپورڈویژن چوہدری محمدطیب، ڈی آئی جی راشد نعیم، ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم، ایس ایس پی بھمبر چوہدری منیرحسین، سابق ڈی جی ادارہ ترقیات چوہدری جاوید اقبال ، مسلم لیگ ن تحصیل سماہنی کے صدرحاجی راجہ منیراللہ خان، برگیڈیئر(ر) راجہ محمدسعید خان کے علاوہ ضلع میرپور اور بھمبرکے سیاسی وسماجی اکابرین، سینئروکلاء، میڈیانمائندگان، این جی اوز کے اراکین، سول سوسائٹی سمیت زندگی کے ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

قبل ازیں ممبریورپی پارلیمنٹ سجاد حیدرکریم جب تقریب میں پہنچے تو ان کاپرتپاک استقبال کیاگیا ان پرگل پاشی کی گئی ،شرکاء نے کھڑے ہوکر معززممبریورپی پارلیمنٹ کاشاندار استقبال کیا۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے ممبریورپی پارلیمنٹ سجاد حیدرکریم نے کہاکہ مضبوط ومستحکم اور محفوظ پاکستان نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ برطانیہ اور یورپ میںمقیم پاکستانی اور کشمیری عوام کے استحکام اور ترقی کاضامن ہے۔

انھوں نے کہاکہ کشمیری اور پاکستانی مضبوط اورمستحکم ہیںجو کسی بھی لحاظ سے کمزورنہیں ہیں تاہم ہمیں اتفاق اور باہمی اتحاد سے ملکراپنے مسائل کاحل تلاش کرناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ میں نے اپنی سیاست کاآغاز برطانیہ سے کیااور انسانی حقوق کے حوالے سے بھرپورکام کیا۔ مجھے اپنے مادروطن پاکستان پربھی فخر ہے جس نے مجھے ستارہ ’’قائداعظم ‘‘ سے نوازا ۔

انھوں نے کہاکہ برٹش پاکستانی اوربرٹش کشمیری مسئلہ کشمیرکے حوالے سے اپناکردار ادا کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہاکہ سینئروزیرچوہدری طارق فاروق نے میرے اعزاز میں جس طرح پرتکلف اور شاندارتقریب منعقد کی ہے اس پرمیں ان کاشکرگزار ہوں۔ ان سے میرارشتہ سیاستدانوں کانہیںبلکہ بھائی اور دوست کاہے جوعرصہ دراز سے قائم ہے۔ ممبریورپی پارلیمنٹ سجاد حیدرکریم نے مزید کہاکہ برسلز میں کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضاسید مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز اٹھانے میں جانفشانی سے کام کررہے ہیں اس پران کی کاوشیں خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان تقریب و آزادکشمیرکے سینئروزیرچوہدری طارق فاروق نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پرآزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت اور پارٹیاں متحد ومنظم ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے تحریک آزادی کشمیر کوبین الاقوامی سطح پرموثرطریقے سے اجاگر کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے ملکرایک مشترکہ جدوجہد کرنے کے لیے میری سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے جوآزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں سے باہمی مشاورت کرئیگی ۔

یہ تقریب بھی اس کی کڑی ہے جس میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندہ افراد ، سول سوسائٹی ، وکلاء، صحافیوں سمیت زندگی کے ہرطبقہ کے نمائندہ لوگ موجود ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن مسئلہ کشمیرپرہم سب ایک ہیں ۔انھوں نے کہاکہ وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی قیادت میں وفد نے برطانیہ اور یورپ کے دورہ میں مسئلہ کشمیر اوربالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کوبرطانیہ اور یورپی یونین میں اٹھانے کے لیے جوسعی کی ہے اس کے حوصلہ افزاء نتائج مرتب ہورہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئیں اب ماضی کوبھول کراہل کشمیرکواپنی آواز دنیاکے ایوانوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں تک پہنچاناہے اس کے لیے حکومت آزادکشمیر کااہم رول ہوناچاہیے۔ انھوں نے کہاکہ جب تک کشمیری اپنی آواز دنیاتک نہیں پہنچائیں گے اس وقت تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ یورپی پارلیمنٹ کاانسانی حقوق کے حوالے سے بڑااہم رول ہے اس بناہ پرہندوستان کوٹریڈکرنے کی جازت نہیں دی گئی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی شدید پامالیاں کررہاہے۔

انھوں نے کہاکہ یورپی پارلیمنٹ کے اس کردار کوکشمیری قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یہ توقع کرتے ہیں کہ یورپی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پراپنا مذید موثر کرداراداکرتارہے گا۔سینئروزیرنے کہاکہ ممبریورپی پارلیمنٹ ڈاکٹرسجاد حیدرکریم یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف جس طریقے سے یورپی پارلیمنٹ میں مختلف کمیٹیوںکے چیئرمینوں تک آواز پہنچارہے ہیں اس پرہم ان کے شکرگزار ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ڈاکٹرسجاد حیدرکریم کی طرف سے مسئلہ کشمیرپرآواز اٹھانے کی حمایت میں سابق پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں اسمبلی سے متفقہ قرارداد ان کے حق میںمنظور ہوئی اور انھیں کشمیری قوم کی طرف سے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا۔ انھوں نے کہاکہ مضبوط ومستحکم اورجمہوری پاکستان کشمیریوں کی آزادی کاضامن ہے ۔پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے ہمارے ازل سے پاکستان کے ساتھ ناطے قائم ہیں۔

انھوںنے کہاکہ حق خودارادیت کے حصول اور مقبوضہ کشمیرمیں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اوورسیز کابڑاہم رول ہے اس حوالے سے اوورسیز کی خدمات بھی خراج تحسین کے لائق ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ڈاکٹرسجاد حیدرکریم تین مرتبہ یورپی پارلیمنٹ کے ممبرمنتخب ہوئے ہیںجوکشمیریوں اورپاکستانیوں کے لیے بڑااعزاز ہے۔ انھوںنے انسانی حقوق کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کالوہامنوایا، یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کے حوالے سے ان کاایک خاص مقام ہے اور گذشتہ 15 سالوں سے وہ کشمیریوں کی آواز دنیاتک پہنچارہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جموںوکشمیرلبریشن لیگ کے صدرعبدالمجیدملک نے کہاکہ پاکستان کاجوبھی شہری دنیامیں جہاں ہے وہ اس قوم کانمائندہ اور سفیر ہے کشمیرسمیت دنیابھرکے مسلمان اس وقت بے پناہ مسائل میںجھکڑے ہوئے ہیں اور مسلمانوں کا خون بہایاجارہاہے ۔ مسلمانوں اور اسلام پربھرپورحملے ہورہے ہیں ان مسائل سے چھٹکاراحاصل کرنے کے لیے ہمیں اتحاد واتفاق سے آگے بڑھناہوگا۔

انھوں نے کہاکہ ہندوستان مکارملک ہے جوکسی طریقے سے کشمیریوں کوان کاحق خودارادیت نہیں دیناچاہتا ۔ کشمیریوں کواپنامقدمہ اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل میں بھرپورطریقے سے اٹھاناہوگا تب جاکر مقبوضہ کشمیر کے عوام کوان کاحق خودارادیت ملنے کے امکانات پیداہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کی زبان بولی ہے ہم پاکستان سے الگ نہیں ہیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگرمقررین نے ممبریورپی پارلیمنٹ ڈاکٹرسجاد حیدرکریم کی تحریک آزادی کشمیر اورمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرنے پرزبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیااور اس توقع کااظہار کیاکہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے کشمیری قیادت کی راہنمائی کریں گے تاکہ کشمیری اپنامقدمہ دنیاکے سامنے اچھے طریقے سے پیش کرسکیں۔