ٹور میچ، انگلینڈ پہلی اننگز میں 515 رنز بنا کر آئوٹ، ڈیوڈ مالان کی شاندار سنچری، میتھیو شارٹ کی 4 اور فالنز کی 3 وکٹیں، کرکٹ آسٹریلیا الیون نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 121 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 144 رنز درکار

جمعہ 17 نومبر 2017 16:15

ٹائونسول ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) انگلینڈ کی ایشز سیریز سے قبل آخری وارم اپ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 515 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ڈیوڈ مالان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور 109 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان جوروٹ 83 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، میتھیو شارٹ نے 4 اور فالنز نے 3 وکٹیں لیں، جواب میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 144 رنز درکار ہیں۔

(جاری ہے)

ٹائونسول میں جاری ٹور میچ کے تیسرے روز انگلش ٹیم نے 337 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو جوروٹ 62 اور ڈیوڈ مالان 57 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا سکور 380 تک پہنچا دیا، روٹ 83 رنز بنا کر مائیلنکو کی گیند کا نشانہ بنے، جونی بیئرسٹو 19 رنز بنا کر چلتے بنے، 438 کے مجموعی سکور پر مالان 109 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر آئوٹ ہو گئے، معین علی کا بلا بھی نہ چلا اور صرف 5 رنز بنا سکے، اوورٹن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، سٹورٹ براڈ 10 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے، 515 کے سکور پر انگلینڈ کی آخری وکٹ گری جب کرس ووکس 36 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کرین نے 25 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے، میتھیو شارٹ نے 4، فالنز نے 3 اور مائیلنکو نے دو وکٹیں لیں، جواب میں کرکٹ آسٹریلیا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں پر 121 رنز بنا لئے تھے اور اسے انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 144 رنز کی ضرورت ہے، کارڈر 34، گبسن 49 اور پیوکوسکی ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، سانگھا 24 اور میتھیو شارٹ 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :