رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار

جمعہ 17 نومبر 2017 19:45

رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2017ء) پاکستان رینجرز(سندھ) نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گلبرگ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد عدنان قریشی کو گرفتار کیا جس کی سیاسی وابستگی ایم کیو ایم (لندن) سے ہے۔ ملزم نائن زیرو سے مختلف سیکٹروں کے ممبران کو غیر قانونی اسلحے کی ترسیل، بھتہ خوری، وال چاکنگ، ہڑتالوں کے لئے لوگوں کو ہراساں کرنے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

ایک اور کارروائی میں رینجرز نے پاپوش نگر، گلبرگ، جیکسن اور ڈاکس کے علاقوں سے 8 ملزمان انور خان، نعمان عرف سر چشمے والا، محمد ناصر عرف چربی، بہادر خان، محمد اختر عرف محمد، محمد شان عرف شانی عرف کلر والا، محمد بلال اور امان اللہ عرف امان کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ملزمان موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے، موٹر سائیکل چھیننے والے گروپ میں سہولت کاری اور ڈکیتی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ایک دوسری کارروائی میں گلشن معمار اور ڈاکس کے علاقوں سے رینجرز نے 3 ملزمان خدا بخش، عبدالغنی اور عبد رحمان عرف کالو کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں جبکہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندہ فطرت اللہ کو بھی گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔11 ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس جبکہ 2 ملزمان کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :