منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں،میئرکراچی

نمائندے ہر جمعہ کے دن صبح دس سے بارہ بجے تک ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں،وسیم اختر

جمعہ 17 نومبر 2017 21:12

منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام تر کوششیں بروئے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اخترنے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں تاکہ روزمرہ مسائل کے باعث تکالیف میں مبتلا شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جاسکے، یوسی چیئرمین اور دیگر نمائندوں کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں، یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین اور سٹی کونسلرز ہر ہفتے جمعہ کے دن صبح دس سے بارہ بجے تک ملاقات کرکے اپنے مسائل سے آگاہ کرسکتے ہیں، علاقائی مسائل کے لئے رجوع کرنے پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا، یہ بات انہوں نے جمعہ کی صبح ملاقات کے لئے آنے والے مختلف علاقوں کے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب اور دیگر افسران بھی موجود تھے ، یوسی 19 ضلع وسطی کے چیئرمین شعیب صدیقی، شاہ فیصل کالونی ضلع کورنگی یوسی 7 کے چیئرمین محمد عامر، یوسی 10 کے چیئرمین کریم الدین، یوسی 11 کے چیئرمین سید جمال حسین زیدی اور یوسی 12 کے چیئرمین چوہدری اسد حسین نے میئر کراچی سے ملاقات کی اور اپنے علاقے میں درپیش مسائل کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا، یوسی 19 کے چیئرمین شعیب صدیقی نے میئر کراچی وسیم اختر کو بتایا کہ ان کے علاقے میں سیوریج، سڑکوں کی کارپیٹنگ اور پیوندکاری اور سڑکوں پر گڑھے پڑنے سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے جن کو حل کرنے کے لئے یوسی فنڈ میں سے اپنی مدد آپ کے تحت معمولی نوعیت کے کام انجام دیئے جا رہے ہیں تاہم باقیماندہ کام بھی جلد از جلد کرانے کی ضرورت ہے جبکہ شاہ فیصل کالونی کے بلدیاتی نمائندوں نے عظیم پورہ قبرستان کی توسیع ، علاقے میں تجاوزات کی موجودگی ، گولڈن ٹائون نالے کی صفائی اور سیوریج کے مسائل سمیت شاہ فیصل برج کے جوائنٹ کھل جانے کی وجہ سے کورنگی جانے والی ٹریفک کو درپیش مسائل کا ذکر کیا انہوں نے کہا کہ عظیم پورہ قبرستان کے اطراف میں اضافی جگہ کو قبرستان میں شامل کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگوں کی مشکلات دور ہوسکیں اس کے علاوہ گولڈن ٹائون نالے کی صفائی اور سیوریج کے مسائل حل کئے جائیں جبکہ شاہ فیصل برج کے جوائنٹس کی مرمت بھی فوری کی جانی چاہئے، میئر کراچی وسیم اختر نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ان مسائل کے حل کے لئے ہدایات جاری کیں اور انہیں ہدایت کی کہ یونین کونسلوں کے نمائندوں کی مشاورت سے علاقائی مسائل بلاتاخیر حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں، انہوں نے یوسی چیئرمینز سے کہا کہ اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کا آپ کو بخوبی علم ہے لہٰذا ان کے حل کے لئے قابل عمل حکمت عملی اختیار کی جائے اور علاقے کے لوگوں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ہونے والی پیشرفت سے بھی انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے، انہوں نے کہا کہ جتنے بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں شہریوں کی تکالیف دور کرنے پر خرچ کیا جائے اور اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور متعلقہ ضلعی بلدیات باہمی اشتراک عمل کے ذریعے ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے انجام دیں اور تمام متعلقہ افسران و عملہ ان کاموں میں بھرپور تعاون کرے، انہوں نے کہا کہ جو بھی مسائل آج پیش کئے گئے ہیں ان کے جلد از جلد حل کے لئے ہرممکن کوشش کی جائے گی اور یونین کونسلوں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا کیونکہ یوسی نمائندوں کا براہ راست عوام سے تعلق ہے اور وہ اپنے علاقے میں روزمرہ کے بلدیاتی مسائل سے پوری طرح واقف ہیں۔

متعلقہ عنوان :