عقیدہء ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دینگے،مفتی بشیرالقادری

اتوار 19 نومبر 2017 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2017ء) عقیدہء ختم نبوت و نامو س رسالت کے تحفظ کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دینگے،ختم نبوت ہمارے ایمان کی اساس اوردین اسلام کامحور و مرکز ہے،دھرنے والوں کے مطالبات ہر غیرتمند مسلمان کے دل کی آوازہیںاور مولاناخادم حسین رضوی غیورمسلمانوں کی ترجمانی کررہے ہیں۔یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے رہنمامفتی محمدبشیرالقادری نورانی نے پنجاب کے دورے سے واپسی پر علماء کرام کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں،انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے ہمارے اکابرین نے ہمیشہ اتحاد سے کام کیا ہے، موجودہ حالات میںبھی اسی روایتی اتحاد اور اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔

حکومت جان لے اسلامیان پاکستان عقیدہء ختم نبوت،ناموس رسالت اور استحکام پاکستان کے لیے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے،تحفظ ناموس رسالت کا قانون تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی ناموس کا چوکیدار ہے، اس میں کسی قسم کی ترمیم و تنسیخ برداشت نہیں کریں گے، منکرین ختم نبوت قادیانی اور ان کے ہمنوااسلام اور پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے عالمی سطح پر بے بنیاد اورغلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس جرأت مندانہ فیصلہ کا زبردست خیر مقدم کیا جس میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے الیکشن ایکٹ 2017کی شق نمبر241 تا حکم ثانی معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیںاورمعزز عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے وفاق سے 14 دن میں جواب طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تمام دینی جماعتیں الیکشن ایکٹ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کررہی ہیں، لیکن حکومت جان بوجھ کر اسے معرض التوأ میں ڈال کر عمداً تاخیری حربے سے ٹھنڈا کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اب بھی مسئلہ کی نزاکت کا ادراک کرنا چاہئے اور اس گھنائونی سازش کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ حکومت تاحال ختم نبوت کے مسئلہ سے بے اعتنائی و بے وفائی کی روش اپنائے ہوئے ہے،عدالتی فیصلہ آنے کے بعد حکومت راہِ فرار اختیار کرنے کے بجائے مسلمانانِ پاکستان کے جذبات کے احترام میں اس معاملہ کو فوری حل کرے اور عوام الناس کو مزید کرب و اضطراب میں مبتلا نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ ہم ختم نبوت اور ناموس رسالت پر پہرادینے کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔