دھرنا حکومتی کمزوری اور رٹ ختم ہونے کی نشانی ہے ،ْ

حکومت امظاہرین کیخلاف ایکشن نہیں لینا چاہتی تو حکومت چھوڑ دینی چاہیے ،ْ خورشید شاہ

پیر 20 نومبر 2017 14:52

دھرنا حکومتی کمزوری اور رٹ ختم ہونے کی نشانی ہے ،ْ
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جاری دھرنا حکومتی کمزوری کو ثابت کرتا ہے ،ْ طوالت اس بات کی نشاندہی ہے کہ حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کچھ لوگوں نے اسلام آباد کوسیل کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،ْدارالحکومت میں 20 لاکھ لوگ رہتے ہیں اور یہاں دنیا بھر کے لوگ آتے ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت اگر دھرنا مظاہرین کے خلاف ایکشن نہیں لینا چاہتی تو حکومت چھوڑ دینی چاہیے، دھرنا حکومتی کمزوری اور رٹ ختم ہونے کی نشانی ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نواز شریف کو آئینی راستہ اختیار کرنا چاہیے ،ْعدالتوں کے فیصلے ماننے چاہیے اور یہ ہی آئینی راستہ ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر سید خورشید شاہ نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ پرویز مشرف کو عدالتوں نے باہر جانے دیا ،ْنواز شریف نے خود پرویز مشرف کو باہر جانے کی اجازت دی اور وہ اس حوالے سے اپنے سابق وزیر داخلہ سے سوال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے 5 سال کی مدت پوری کی، ابھی بھی کوشش ہے اور چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے۔خورشید شاہ نے کہا کہ وقت سے پہلے الیکشن کا مطالبہ غیر ضروری ہے، عمران خان ریفرنڈم کے حامی رہے ہیں، اگر نواز شریف نے ریفرنڈم کی بات کی ہے تو وہ خود غیر آئینی راستے پر جارہے ہیں جس سے وہ مزید پھنس جائیں گے۔