پاکستان کا پہلا روڈ سیفٹی پارک کراچی میں بنایا جائے گا، شہریوں کو ٹریفک قواعد اور روڈ سیفٹی کے متعلق بلامعاوضہ آگاہی فراہم کی جائے گی، میئر کراچی

کے ایم سی پر اس معاہدے کے نتیجے میں کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا، اس پارک کے قیام اور اسے چلانے کے لئے ایک نجی ادارے کا تعاون حاصل کیا گیا ہے

جمعرات 23 نومبر 2017 22:39

پاکستان کا پہلا روڈ سیفٹی پارک کراچی میں بنایا جائے گا، شہریوں کو ٹریفک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا روڈ سیفٹی پارک کراچی میں بنایا جارہا ہے جس کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک قواعد اور روڈ سیفٹی کے متعلق بلامعاوضہ آگاہی فراہم کی جائے گی،کے ایم سی پر اس معاہدے کے نتیجے میں کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا، اس پارک کے قیام اور اسے چلانے کے لئے ایک نجی ادارے کا تعاون حاصل کیا گیا ہے، معاہدے کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک سالہ مدت کے لئے SRDO پارک کی جگہ فراہم کرے گی جس میں باہمی رضا مندی سے اضافہ کیا جاسکے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی صبح اپنے دفتر میں سوشل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SRDO )اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مابین روڈ سیفٹی پارک کے قیام کے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کے بعد کیا ، اس موقع پر SRDO کے سربراہ عبدالقادر بلو کے علاوہ پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، ایس پی ٹریفک سائوتھ اعجاز علی شیخ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نعمان ارشد، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد طحہٰ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ روڈ سیفٹی پارک کی سہولت رکھنے والے 69 ممالک اقوام متحدہ میں رجسٹرڈ ہیں جہاں ہر سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد کا دن منایا جاتا ہے ، پاکستان دنیا کا 70 واں ملک بن جائے گا جو اس حوالے سے اقوام متحدہ میں رجسٹرڈ ہوگا، انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں روڈ سیفٹی پارک بنائے جاتے ہیں جہاں شہریوں کو پارک کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں روڈ سیفٹی اور ٹریفک کے حوالے سے بنیادی اصولوں اور طریقہ کار کے متعلق آگاہ کرنے کے لئے تربیتی سیشن منعقد کئے جاتے ہیں، کراچی کا شمار دنیا کے چند بڑے شہروں میں ہوتا ہے جہاں آبادی میں تیز رفتار اضافے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ٹریفک کا بے پناہ رش اور گاڑیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ایک گھمبیر مسئلہ بن چکا ہے جس سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ آج جو معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت SRDO اس پارک کا انتظام چلائے گا اور یہاں کراچی کے شہریوں کے لئے کسی فیس کے بغیر پارک کی عمومی سہولیات کی فراہمی اور یہاں روڈ سیفٹی اور ٹریفک نظام سے متعلق آگاہی پر مبنی پروگرام منعقد کرے گا تاہم SRDO اس پارک میں کوئی ایسی تعمیراتی کام نہیں کرے گا جس سے پارک میں تفریحی سرگرمیاں متاثر ہوں یاجس سے یہاں فراہم کی گئیں سہولیات اور پارک کی شکل میں کوئی تبدیلی آئے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کے مفاد میں بلا قیمت پارک کا انتظام SRDO کے حوالے کر رہی ہے تاہم انہیں معاہدے کے مطابق ہی اس جگہ کو استعمال کرنا ہوگا، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک میں اپنی نوعیت کے اس پہلے روڈ سیفٹی پارک کے قیام سے کراچی دنیا کے ان بڑے شہروں کی صف میں شامل ہوجائے گا جہاں شہریوں کی تربیت اور انہیں ٹریفک اور روڈ سیفٹی سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لئے جدید تکنیک استعمال کی جا رہی ہے اور اس اقدام سے کراچی کی سڑکوں اور شاہراہوں پر ہونے والے ٹریفک حادثات سے بچائو میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ٹریفک قوانین کی پابندی اور سڑک پر چلتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور ہمیں یقین ہے کہ کراچی کے شہری اس معاملے میںباشعور ہونے کا ثبوت دیں گے۔

متعلقہ عنوان :