چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے قائمہ کمیٹیوں کو مختلف معاملات پر رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید وقت دے دیا

پیر 27 نومبر 2017 18:24

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے قائمہ کمیٹیوں کو مختلف معاملات پر رپورٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے قائمہ کمیٹیوں کو مختلف معاملات پر کمیٹیوں کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید وقت دے دیا۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر کامل علی آغا نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کی طرف سے قواعد ضابطہ کار و انصرام کارروائی سینیٹ 2012ء کے قاعدہ 194 کے ذیلی قاعدہ (1) کے تحت تحریک پیش کی کہ گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد کے مناسب انتظام و انصرام کے لئے قانون وضع کرنے کے بل ’’اسلام آباد گن اینڈ کنٹری کلب (انتظام و انصرام) بل 2017ء‘‘ جو سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی جانب سے 21 اگست 2017ء کو پیش کیا گیا تھا، پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 28 نومبر 2017ء سے مزید 30 ایام کار کی توسیع کی جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے تحریک پر ایوان کی رائے حاصل کی۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دے دی۔ سینیر کامل علی آغا نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کی طرف سے تحریک پیش کی کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور اس سے منسلکہ معاملات کے انصرام و فروغ کے لئے اتھارٹی کے قیام کے لئے قانون وضع کرنے کے بل رئیل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ بل 2017ء جو سینیٹر محسن عزیز کی جانب سے 21 اگست 2017ء کو پیش کیا گیا تھا، پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 28 نومبر 2017ء سے مزید 20 ایام کار کی توسیع کی جائے۔

چیئرمین نے تحریک کی منظوری دے دی۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف سینیٹر جاوید عباسی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور سینیٹر مولانا حافظ حمد الله نے تحریک پیش کی کہ پری میریٹل بلڈ سکریننگ (عائلی قوانین ترمیمی) بل 2016ء جو ایوان کی جانب سے مشترکہ غور و خوض کے لئے حوالے کیا گیا تھا، پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی معیاد میں 30 نومبر 2017ء سے مزید 60 ایام کار کی توسیع کی جائے۔ چیئرمین نے کمیٹی کو مزید 60 یوم کی مہلت دے دی۔

متعلقہ عنوان :