مظفرآباد‘حصول انصاف کے لیے سراپا احتجاج خاتون کی فریاد سن لی گئی

چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے متاثرہ خاتون اور حکومت آزاد کشمیر کے سیکرٹری داخلہ کو چار دسمبر کو اسلام آباد پارلیمنٹ ہائوس میں سینٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیئے

منگل 28 نومبر 2017 15:24

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2017ء) حصول انصاف کے لیے سراپا احتجاج خاتون کی فریاد سن لی گئی۔چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے متاثرہ خاتون اور حکومت آزاد کشمیر کے سیکرٹری داخلہ کو چار دسمبر کو اسلام آباد پارلیمنٹ ہائوس میں سینٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقہ بھمبر سے تعلق رکھنے والی خاتون ماریہ طاہر کے ساتھ دو سال قبل پانچ سے زائد افراد نے گن پوائنٹ پر اغواء کرکے نہ صرف زیادتی کی بلکہ اسکی ویڈیو بنا کر بلیک میل بھی کیا۔

جس کے خلاف متاثرہ خاتون نے آزاد کشمیر کی اعلیٰ عدلیہ سمیت حصول انصاف کیلئے حکمرانوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کیلئے دوہائی دی لیکن متاثرہ خاتون کو نہ تو انصاف ملا اور نہ ہی ملزمان کو ابھی تک گرفتار کیا جا سکا۔

(جاری ہے)

بااثر ملزمان نے متعدد مرتبہ خاتون کو زبان بند کرنے کیلئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔خاتون نے جب اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا تو مظفرآباد انتظامیہ نے خاتون کو بچوں سمیت گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں خاتون اور بچوں کو ریاست بدر کر دیا چیئرمین پاکستان سینٹ نے متاثرہ خاتون کو سماعت کرنے کیلئے چار دسمبر کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے جبکہ حکومت آزادکشمیر کے چیف سیکرٹری کو بھی چار دسمبر کیلئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔