عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان اسلام آباد میں کل پاکستان نعت خوانی مقابلے کا انعقاد

ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کو امن کاگہوارہ بنانے کے لئے کام کریں، یہ مقصد صرف حضرت محمدﷺکی تعلیمات پر من و عن عمل پیرا ہوکر حاصل کیا جاسکتا ہے، وفاقی وزیر سردارمحمد یوسف کا نعت خوانی تقریب سے خطاب

بدھ 29 نومبر 2017 16:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2017ء) عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کے سلسلے میں بدھ کے روز ریڈیو پاکستان اسلام آباد میں کل پاکستان نعت خوانی کے مقابلے منعقد ہوئے جس کا انعقاد ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے مشترکہ طور پر کیا ۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردارمحمد یوسف تقریب کے مہمان خصوسی تھے۔

نعت خوانی کے مقابلے کی تقریب میںوزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی امور کے وفاقی وزیر سردارمحمد یوسف نے کہاکہ پاکستان میں قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں کی جاسکتی، آئین میں اس بات کی ضمانت دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم پاکستان کو امن کاگہوارہ بنانے کے لئے کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حضرت محمدﷺکی تعلیمات پر من و عن عمل پیرا ہوکر یہ مقصد حاصل کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے وزارت مذہبی امورگرینڈ نیشنل سیرت کانفرنس کا انعقاد جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں کرے گی جس میں مقامی و غیر ملکی وفود شرکت کریں گے۔ تقریب کے آخر میں سردار محمد یوسف نے مقابلے میں کامیاب ہونے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

نعت خوانی کی پہلی کیٹیگری میں 15سے کمر عمر لڑکوں میں سندھ سے تعلق رکھنے والے مینام نے پہلی پوزیشن حاصل کی، لڑکیوں میں بدیحہ شہوار آزاد جموں کشمیر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔تیسری کیٹیگری میں 25سال سے کم عمر کے سندھ سے تعلق رکھنے والے حسن علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی ،نعت خوانی کے مقابلہ میںچوتھی کیٹیگری میں لڑکیوں میں اسلام آباد کی نور فاطمہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 50ہزار نقد انعام اور ایک گولڈ میڈل عبدالرحمن فائونڈیشن کی طرف سے دیا گیا ۔ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کی طرف سے 40ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 30ہزار روپے جبکہ نعت خوانی میں شرکت کرنے والے دیگر شرکاء کو 25، 25ہزار روپے دیئے گئے۔