محکمہ آثار قدیمہ 70 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ’’پاکستان کا ثقافتی ورثہ‘‘ کے عنوان سے نمائش کا اہتمام کرے گا

نمائش7 دسمبر سے 13 دسمبر تک جاری رہے گی جس میں منفرد اور نایاب نوادرات اور فن تعمیر کی اشیاء کی نمائش کی جائے گی محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر کے ڈائریکٹر عبدالعظیم کی ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت

پیر 4 دسمبر 2017 16:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2017ء) محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر 70 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں ’’پاکستان کا ثقافتی ورثہ‘‘ کے عنوان سے 7 دسمبر 2017ء سے ایک ہفتہ پر مشتمل نمائش کا اہتمام کرے گا۔ نمائش میں مختلف ادوار کی منفرد اور نایاب نوادرات اور فن تعمیر کی عکاس اشیاء کی نمائش کی جائے گی۔ محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر کے ڈائریکٹر عبدالعظیم نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمے نے وزارت قومی تاریخ و ادبی ڈویژن، آثار قدیمہ کے ماہرین، محققین و طلباء کی شمولیت کے ساتھ ایک ہفتہ پر مشتمل نمائش کے انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں وفاقی وزراء مختلف ممالک کے سفراء، آثار قدیمہ کے ماہرین اور بڑی تعداد میں سیاح بھی شرکت کریں گے۔ عبدالعظیم نے کہا کہ یہ نمائش سرسید میموریل بلڈنگ کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی جس سے طلبہ، محققین اور فنون لطیفہ سے رغبت رکھنے والے افراد کو مختلف علاقوں اور ان کے فن تعمیر سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔

نمائش میں پاکستان کی تاریخ کے مختلف ادوار کے نوادرات بشمول مجسمے، ظروف، سکے، دستکاری کی اشیاء، ہتھیار اور مختلف ادوار کے فن تعمیر کے نمونے اور زیب و آرائش کے لئے استعمال ہونے والی منفرد اشیاء رکھی جائیں گی۔ یہ نمائش 13 دسمبر 2017ء تک جاری رہے گی۔ عبدالعظیم نے بتایا کہ اس نمائش کا اہتمام وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی ہدایات پر وطن عزیز کی 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔

عرفان صدیقی نے ادب اور ثقافت سے مالا مال ملک کے ثقافتی ورثے کی نمائش کے لئے خصوصی انتظامات کی ہدایات کی ہے تاکہ نوجوان نسل کو اپنے ورثے اور ثقافت سے روشناس کرا کے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔ عبدالعظیم نے بتایا کہ محکمے نے مزید ایک ہزار نوادرات اپنے مجموعہ میں شامل کی ہیں جو حال ہی میں کسٹم حکام کی طرف سے اسلام آباد ایئر پورٹ سے پکڑی گئی تھیں جس کے بعد محکمے کے پاس قیمتی اور نایاب نوادرات کی تعداد 12 ہزارہو گئی ہے جنہیں نمائش میں رکھا جائے گا۔