کراچی ،گورنر سندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی گورنر ہائوس میں ملاقات

ملاقات میں صوبہ میں صنعتی ترقی اور اس کے فروغ ، صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، سی پیک سے معاشی خوشحالی اور صنعتوں کے قیام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 5 دسمبر 2017 21:20

کراچی ،گورنر سندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبہ میں صنعتی ترقی اور اس کے فروغ ، صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، سی پیک سے معاشی خوشحالی اور صنعتوں کے قیام سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں حکومت کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، ثقافتی وسماجی سرگرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ نئی صنعتوں کے قیام ، نجی سیکٹر کی فعالیت اورغیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفا ق کے تعاون سے صوبہ میں ترقیاتی منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے جس میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جار ہی ہے ، صنعتوں کی مزید فعالیت کے لئے صنعت کاروں ، تاجروں اور دیگر متعلقہ حکام سے مسلسل رابطہ بھی قائم ہے اور ان کی مشاورت سے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں بھی صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے تاکہ صنعتی فعالیت یقینی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں صنعتی فعالیت سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آرہے ہیں جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے وفاق سے متعلقہ اداروں سے رابطہ بھی کیا گیا ہے اس ضمن میں وزارت صنعت و پیداوار اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے گوادر اور کراچی کو مرکزی اہمیت حاصل ہو گی ،خوشحالی کے نئے دور سے کراچی میں تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ یقینی ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے اس ضمن میں سی پیک منصوبہ کی افادیت سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محمد بن قاسم پورٹ پر انرجی سیکٹر پر بھرپور کام ہو رہا ہے ، حالیہ تعمیر ہونے والے انرجی ٹرمینل سے صنعتی و تجارتی علاقوں کو تسلسل سے بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی اس سے قبل بھی جب ملک میں بجلی کا شدید بحران تھا اس وقت بھی صنعتی و تجارتی علاقوں میں بجلی تسلسل سے فراہم کی جا رہی تھی تاکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری رہیں ۔

وفاقی وزیر غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے صوبہ با الخصوص کراچی کے صنعتی علاقوں میں اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی معاشی شہ رگ ہے جس کی ترقی سے پورے ملک کی ترقی یقینی ہے ، صنعتی و تجارتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی ۔