پاکستان اردن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیائی خطہ کی سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے راہیں ہموار کی جائیں

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی شاہِ اردن عبداللہ دوئم اور اردن کے وزیراعظم ڈاکٹر ہانی الملکی سے ملاقاتوں میں گفتگو

بدھ 6 دسمبر 2017 21:43

پاکستان اردن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مشرق ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیائی خطہ میں سیاسی بے چینی، اندرونی خلفشار اور بیرونی مداخلتوں کے باعث اب ضروری ہوگیا ہے کہ امن و امان کے قیام کیلئے مل جل کر کوششیں کی جائیں اور خطہ کی سماجی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے راہیں ہموار کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہِ اردن عبداللہ دوئم اور اردن کے وزیراعظم ڈاکٹر ہانی الملکی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی سینیٹ کے ایک وفد کے ہمراہ اردن کے دورے پر ہیں۔ وفد میں سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل، محمد جاوید عباسی اور بریگیڈیئر جان کنیتھ ویلمز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اردن پہنچنے پر وفد کا استقبال اردن کی سینیٹ کے صدر عاکف الفیض نے کیا ۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی سطح پر روابط کے ذریعے دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے اردن کی سیاسی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اردن کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں اردن کی سیاسی قیادت کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے ایوان بالاء کی سطح پر باہمی تعاون پر بھی تسلی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فلسطین کے مسئلہ پر اردن کے موقف کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں آگاہ کیا۔ اردن کے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاکستان، اردن سٹرٹیجک ڈائیلاگ منعقد کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے فقید المثال استقبال اور مہمان نوازی پر اردن کی قیادت کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔