حضرت عیسیٰ کی 500 سال پرانی پینٹنگ ابوظہبی کے میوزیم کی زینت بنے گی

Sadia Abbas سعدیہ عباس جمعرات 7 دسمبر 2017 16:49

حضرت عیسیٰ کی 500 سال پرانی پینٹنگ ابوظہبی کے میوزیم کی زینت بنے گی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2017ء) مقامی ذرائع کے مطابق حال ہی میں 45 کروڑ ڈالر میں نیلام ہونے والی حضرت عیسیٰ کی 500 سال پرانی پینٹنگ کو ابو ظہبی کے لوور میوزیم میں رکھا جائے گا۔ اس پینٹنگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے خالق معروف اطالوی آرٹسٹ لیونارڈو ڈا ونچی ہیں۔ فرانس لوور میوزیم کی طرز کے ابوظہبی میں بنے ہوئے میوزیم کی انتظامیہ نے ٹوئٹر پر اس پینٹنگ کے بارے میں اعلان کیا۔

(جاری ہے)

بی بی سی اردو کے مطابق یاد رہے کہ 'سلاوتور مندی' یعنی 'دنیا کو بچانے والا' کے نام سے مشہور پینٹنگ کو نومبر میں نیو یارک میں ہونے والی نیلام میں 45 کروڑ ڈالر کے عوض خریدا گیا تھا۔ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے کے مطابق اس پینٹنگ کا خریدار ایک سعودی شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان السعود ہے۔ پینٹنگ کے خالق لیونارڈو ڈا ونچی کی وفات 1519 میں ہوئی تھی اور اب ان کی بنائی ہوئی 20 سے بھی کم پینٹنگز وجود میں ہیں۔ 'سلاوتور مندی' کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسے 1505 میں تخلیق کیا گیا تھا۔ ابو ظہبی میں لوو میوزیم کی شاخ کا افتتاح پچھلے ماہ ہوا ہے اور 10 سال کے عرصے میں تعمیر ہونے والے اس میوزیم پر ایک ارب برطانوی پاؤنڈز کی لاگت آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :