جے ایف 17 تھنڈر قومی وقار کی علامت، پاک فضائیہ

خودانحصاری کا سفر جاری رکھے گی، پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ انتہائی جرّات اورحوصلے سے لڑی ہے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کا ائیر ٹیک کانفرنس اور ٹیکنو شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:54

جے ایف 17 تھنڈر قومی وقار کی علامت، پاک فضائیہ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جے ایف 17 تھنڈر کو قومی وقار کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خودانحصاری کا سفر جاری رکھے گی تاکہ ہماری دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو سکے، پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ انتہائی جرّات اورحوصلے سے لڑی ہے اور اس جنگ میں بے حد قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے ملک سے دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ یقینی ہوا ہے۔

وہ جمعرات کو ائیر یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام ائیر ٹیک کانفرنس اور ٹیکنو شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ ائیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) فائز امیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں مقررین نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری نوجوان نسل میں بہت صلاحیتیں ہیں جس کی بدولت ہمارا مستقبل تابناک ہے۔

ہمارے نوجوانوں کوصرف بھرپور رہنمائی کی ضرورت ہے ۔اس چار روزہ کانفرنس میں 100 کے قریب درسگاہوں سے تقریباً تین ہزار طلباء و طالبات سائنس اور ٹیکنالوجی سے متعلق اپنے پراجیکٹس متعارف کرائیں گے۔ اس کانفرنس میں 26 مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گاجن میں فوٹوگرافی ، ائیرو ماڈلنگ ، ائیر ٹیکنو شو اور روبوٹکس وغیرہ شامل ہیں ۔ اس کانفرنس کا مقصد ملک میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ہونہار پاکستانی طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو قومی اور عالمی سطح پر روشناس کرانا ہے۔ تقریب کے اختتامی روز تکنیکی نمائش اور F-9 پارک میں ریڈیو کنٹرولڈ ائیرو ماڈلز کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :