Live Updates

اپوزیشن جماعتوں کی طاہر القادری کو آئندہ کی جدوجہد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی

،عمران خان ‘ شیخ رشید کا ٹیلیفونک رابطہ سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے جدوجہد میں شانہ بشانہ ہونگے ،پی ٹی آئی سربراہ،آئندہ ہفتے رہنمائوںمیںملاقات کا بھی امکان شیخ رشید نے بھی طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ٹربیونل رپورٹ پرتبادلہ خیال کیا ،دونوں رہنمائوں میں ملاقات پر اتفاق

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:10

اپوزیشن جماعتوں کی طاہر القادری کو آئندہ کی جدوجہد میں ساتھ دینے کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) سانحہ ماڈل ٹائون پر جسٹس علی باقر نجفی انکوائری ٹربیونل رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو آئندہ کی جدوجہد میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کر ادی ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا ۔

عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹائون پر انصاف کیلئے عوامی تحریک کی اب تک کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عوامی تحریک اس تناظر میں آئندہ جو بھی لائحہ عمل طے کرے گی پی ٹی آئی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف اور اس کے اصل ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہر القادری نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ۔ مزید بتایاگیا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان آئندہ ہفتے ملاقات بھی متوقع ہے ۔ قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے انکوائری ٹربیونل رپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال اور آئندہ کسی بھی طرح کی تحریک میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ۔

اس رابطے میں دونوں رہنمائوںمیں ملاقات کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفونک رابطے کے بعد عمران خان سے ملاقات کی جس کے بعد عمران خان نے عوامی تحریک کے سربراہ کو ٹیلیفون کیا ۔بدھ کے روز آصف علی زرداری نے بھی عوامی تحریک کے سربراہ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات