ماڈرن ٹیکنالوجی سے صوبے کے ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں بہترین اصلاحات لائی جارہی ہیں ‘کیپٹن (ر) عارف نواز

ٹریفک پولیس لاہور کی’’ راستہ ایپلی کیشن‘‘ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگی جس سے شہری ٹریفک پولیس لاہور کی مختلف سروسز سے براہ راست استفادہ کرسکیں گے ‘آئی جی پنجاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:15

ماڈرن ٹیکنالوجی سے صوبے کے ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں بہترین اصلاحات لائی ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خا ن نے کہا ہے کہ ماڈرن ٹیکنالوجی سے صوبے کے ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں بہترین اصلاحات لائی جارہی ہیں تاکہ شہریوںکو دوران سفر زیادہ سے زیادہ سہولت میسر ہو اور وہ ٹریفک کی تازہ ترین اپ ڈیٹس سے باخبر رہ سکیں، ٹریفک پولیس لاہور کی’’ راستہ ایپلی کیشن‘‘ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے گیم چینجر ثابت ہوگی جس سے شہری ٹریفک پولیس لاہور کی مختلف سروسز، ٹریفک صورتحال ، روٹ پلان ، ای لائسنسنگ ، آن لائن چالان پیمنٹ سمیت دیگر فیچرزسے براہ راست استفادہ کرسکیں گے اور اس سے انکے قیمتی وقت کی بچت ممکن ہوسکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں شہریوں کی سہولت کیلئے پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے بنائی گئی اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریفک ایپ ’’ راستہ ‘‘ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ امجد جاوید سلیمی ، ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی اعجاز حسین شاہ ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر ، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یسین ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محسن حسن بٹ ، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب فاروق مظہر، ڈی آئی جی آئی ٹی شارق کمال صدیقی ،سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے جبکہ تقریب میںپی آئی ٹی بی کے وفد نے چئیرمین عمر سیف کی قیادت میں شرکت کی۔

آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس لاہور کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے راستہ ایپلی کیشن کی تخلیق انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس سے سڑکوں پر احتجاج، دھرنوں، تعمیراتی کام اور ہنگامی صورتحال میں راستوں کی بندش کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنے والے شہریوں کو بھرپورسہولت اور راہنمائی میسر آئے گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ راستہ ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کا سفر آرام دہ ہوجائے گا اور یہ ایپ شہریوں اور پولیس کے درمیان فاصلوں کو مزید کم کرنے کا باعث بنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پنجاب پولیس کو جرائم کی بیخ کنی، عوام سے فاصلے کم کرنے ، ادارے کی صلاحیتوں میں اضافے اور عوام میںتشخص بہتر کرنے جیسے چیلنجز درپیش تھے جس کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے نہ صرف حل کیا گیا بلکہ پنجاب پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام کی بے مثال خدمت کر کے پورے پاکستان میں پولیس کاسر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔

آئی جی پنجاب نے پی آئی ٹی بی اورپنجاب پولیس کے اشتراک کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہریوں کی سہولت کی خاطر نئے پراجیکٹس بنانے کیلئے مستقبل میںبھی تعاون کاسلسلہ جاری رہے گا ۔ تقریب میں سی ٹی او لاہوررائے اعجاز احمد نے راستہ ایپ کے فیچرز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’’ راستہ‘‘ ایپلی کیشن کو کوئی بھی شہری با آسانی اپنے موبائل فون میں ڈاون لوڈ کرسکتا ہے اور اس ایپ کے ذریعے شہریوں کوتازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس ، سفری راہنمائی سمیت دیگر سہولیات حاصل ہونگی جبکہ شہری سڑکوں کی خراب صورتحال ،اہلکاروں کی غیر ذمہ داری سمیت دیگر مسائل کے متعلق شکایات کا اندرج بھی کروا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افتتاح سے قبل ٹیسٹنگ کے دوران سولہ ہزار سے زائد شہریوںنے اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیا اور اب شہریوں کی جانب سے ملنے والے رسپانس سے اس ایپ میں مزید فیچرز شامل کئے جا رہے ہیں اور شہر یوں کی ٹریفک قوانین بارے آگاہی اور تعلیم کے حوالہ سے مزید ڈرائیونگ سکول بنائے جائیں گے۔