ہیریٹج ٹریل منصوبہ سے آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے ، پرویز خٹک

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:17

ہیریٹج ٹریل منصوبہ سے آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے ، پرویز خٹک
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ ہیریٹج ٹریل منصوبہ سے پشاور کی آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے ،پشاور کا چہرہ خوبصورت بنانا چاہتے ہیںہمیں ٹوٹا ہوا بدترین اور دہشتگردی سے بھرا صوبہ ملا تھا آج یہاں امن کی فضا قائم ہے ، ہیریٹج ٹریل منصوبہ کی وجہ سے جن دکانداروں کوتکلیف ہوئی ہے ان کو معاوضہ دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار گزشہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے تحصیل گورگٹھڑی پشاور سے گھنٹہ تک کے ہیریٹج ٹریل منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کیا، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی پی کے ٹو شوکت یوسفزئی ،ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان،پی ٹی آئی رہنما حاجی شوکت علی، سیکرٹری محکمہ آثارقدیمہ محمد طارق، ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمداور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہاکہ ہیریٹج ٹریل منصوبے پر31کروڑ 50لاکھ روپے لاگت آئے گی اس منصوبہ میں 450میٹر کا علاقہ ہے جس میں 150عمارتیں ہیں تاہم ان میں 75نئی عمارتوں کے بیرونی حصے کی ثقافتی لحاظ سے تزہین و آرائش کی جائے گی، تحریک انصاف کی حکومت نے تبدیلی کا جو وعدہ کیا تھا وہ اب پورا ہونے جا رہا ہے ، پشاور شہر کی کوئی گلی یا سڑک کچی نہیں رہے گی ، چارسدہ روڈ سے حیا ت آباد تک روڈ آٹھ ارب روپے سے مکمل ہوگا، ایک ماہ بعد پشاور میں ملک کے سب سے بڑے چڑیا گھر کا افتتاح کررہے ہیں ، اطلاعات تک رسائی قانون کے تحت شہری اب میری چائے کے خرچ کے بارے میں بھی پوچھ سکتے ہیں ، صوبائی حکومت نے صوبہ میں تاریخی قانون سازی کی ہے ،ہم نے تعلیمی نظام کو بہترین کردیا ہے ،ہیریٹج ٹریل منصوبے کے تحت اس راستے میں آنے والی تمام بجلی کی تاروں،سوئی گیس اور پانی کے پائپ سمیت نکاسی آب کا نظام زیرزمین کردیاجائیگااور ساتھ ہی اس راستے پر پودے ، بیٹھنے کیلئے بینچز لگاکر اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جائے گا جبکہ اس پراجیکٹ کے مکمل ہونے کے بعد یہ علاقہ اپنی نوعیت کا منفرد علاقہ ہوگا،یہ ٹریک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند ہوگا اس پر صرف پیدل چلنے والے افراد کو اجازت ہوگی تاہم ایمرجنسی اور صفائی کی صورت میں گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :