انتخابی عمل کوجدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے سے انتخابات میں شفافیت کا عنصر بڑھے گا ،اقبال ظفرجھگڑا

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:23

انتخابی عمل کوجدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے سے انتخابات میں شفافیت ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کوجدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے سے انتخابات میں شفافیت کا عنصر بڑھے گا جمہوری عمل کوتقویت ملے گی اورجمہوری ادارے مزید مضبوط ہوں گے۔جبکہ خواتین اورمعذور افراد کے ووٹوں کے اندراج اورحق رائے دہی کے استعمال سے ٹرن آوٹ مزیدبہترہوگا۔

وہ جمعرات کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے زیراہتمام گورنرہاوس پشاور میں منعقدہ نیشنل ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ممبر جسٹس (ر) ارشاد قیصر، صوبائی الیکشن کمشنر پیرمقبول احمدنے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر جرگہ ہال سے گورنر ہاوس کے مین گیٹ تک ایک آگاہی واک کا انعقاد بھی کیاگیا۔

(جاری ہے)

گورنر انجینئراقبال ظفرجھگڑا کی قیادت میں اس واک اور تقریب میں صوبائی اسمبلی کے ارکان، یونیورسٹیزکے وائس چانسلروں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا متعلقہ حکام، الیکشن کمیشن کے اہل کاروں اورمختلف کالجز کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے بینرر اٹھا رکھے تھے جن پر ووٹ کی اہمیت ، ووٹ کے اندراج اورحق رائے دہی کے استعمال سے متعلق نعرے درج تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے خیبرپختونخوا اورفاٹا اورعوام پر زوردیا کہ جن لوگوں کے ووٹ کا اندراج نہیں ہوا ہے وہ اپنے ووٹ کے اندراج کویقینی بنائے۔ گورنر نے الیکشنز ایکٹ2017 کی منظوری کوخوش آئند اورپورے پاکستانی قوم کی فتح قرار دیا اورکہا کہ اس کے نفاذ سے انتخابی عمل میں مزید شفافیت آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم اور رزلٹ منجمنٹ سسٹم کے قیام سے عوام کوفوری اوردرست انتخابی نتائج سے آگاہی ملے گی اورنتائج سے متعلق امیدواروں اورسیاسی پارٹیوں کوکسی قسم کاابہام نہیں رہے گا۔ گورنر نے الیکشن کمیشن پر بھی زرو دیا کہ وہ شہریوں کوووٹ کے اندراج کے سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :