امریکہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، پرویز مشرف

جمعرات 7 دسمبر 2017 20:08

امریکہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ امریکہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ امریکی فیصلہ اسلامی دنیا کے لئے مایوس کن ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں دنیا کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔اسلامی ممالک حالات کا جائزہ لے کر اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے پر اپنے ردعمل میں کیا۔انہوں نے امریکی فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں دنیا میں امن وامان کے لئے خطرناک ہیں، ٹرمپ کو متنازعہ فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کی ایک بڑی آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے اور اسلامی دنیا کے ساتھ اس طرح کا رویہ سب کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اورایسے فیصلے نہ کرے جن سے دنیا کی ایک بڑی آبادی کی دل آزاری ہو۔پرویز مشرف نے کہا کہ اسلامی ممالک کو چاہئیے کہ فہم و فراست سے حالات کا جائزہ لے کر متفقہ طور پر ٹھوس اور قابل عمل لائحہ عمل طے کریں ۔ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کو بھی اس سلسلے تھوس اقدامات کرنے چاہئیں ۔