حیدرآباد،ایم کیوایم پاکستان کو جلسہ فوبیا ہوگیا ہے،مصطفی کمال

میں جلسہ کروں یا ریلی نکالوں ،تو سمجھ میں آتا ہے کہ میں اپوزیشن میں ہوں ، ایم کیوایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا وقت آگیا ہے ہم بیلٹ کے ذریعے ایم کیوایم کو دفن کریں گے۔ ماڈل ٹاؤن معاملے پر ہم طاہرالقادری کے ساتھ ہیں،چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعرات 7 دسمبر 2017 22:50

حیدرآباد،ایم کیوایم پاکستان کو جلسہ فوبیا ہوگیا ہے،مصطفی کمال
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2017ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کو جلسہ فوبیا ہوگیا ہے، اگر میں جلسہ کروں یا ریلی نکالوں ،تو سمجھ میں آتا ہے کہ میں اپوزیشن میں ہوں ۔ ایم کیوایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا وقت آگیا ہے۔ ہم بیلٹ کے ذریعے ایم کیوایم کو دفن کریں گے۔ ماڈل ٹاؤن معاملے پر ہم طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔

وہ لطیف آباد پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر اُن کے ہمراہ پی ایس پی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی، انیس ایڈوکیٹ، افتخار رندھاوا، ارشد وہرہ و دیگر بھی موجو د تھے۔ مصطفی کمال نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقے مسائلستان بن گئے ہیں۔ کراچی، حیدرآباد میں کچرا نہیں اُٹھایا جاتا۔

(جاری ہے)

لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔

انہیں چاہئے تھا کہ یہ سڑکیں بناتے ، پرائمری اسکول بناتے، عوام کو سہولیات دیتے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کا 8دسمبر کا جلسہ لوگوں کے خون پسینے کے پیسے سے کیا جارہا ہے۔ اصل ایم کیوایم کی 22اگست کو چائنا کٹنگ کی گئی ، ایم کیوایم کے پلاٹ پر چائنا کٹنگ کرکے لندن سے پاکستان کردیا گیا۔ ایم کیوایم پاکستان نے مینڈیٹ بھی ہتھیالیا ، انہیں پتہ ہے کہ جعلی دستاویزات پر انہوں نے سیاسی پارٹی بنائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مردم شماری میں شہری آبادی کم دکھانے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ مردم شماری میں سندھ کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے لیکن حکومت کو جھوٹی دھمکیاں بھی نہیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس شہر کے میئر کا نام بھی نہیں جانتے ، میئر کا نام کل پتہ چلا ہے کیونکہ انہوں نے 40کروڑ روپے ناجائز طریقے سے ہڑپ کرلئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں کو پاکستان سے الگ کردیا ، ماؤں کو بیٹوں سے جدا کردیا ۔

پہلے کہتے تھے مہاجر ہتھیار اُٹھاؤ، جب وہ ایسا کرتے ہیں تو ان سے لاتعلقی اختیار کرلی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کا وقت آگیا ہے۔ ہم بیلٹ کے ذریعے ایم کیوایم کو دفن کریں گے۔ اب ایم کیوایم سے کوئی رابطہ نہیں ہے ۔ جھوٹوں اور منافقوں سے رابطہ نہیں کریں گے اور نہ ہی اب ایم کیوایم نام سے کوئی رابطہ ہوگا کیونکہ وہ بانی متحدہ کی جماعت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن معاملے پر ہم طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔ مظلوموں کو انصاف ملنا چاہئے۔ اب پنجاب کے وزیر ماڈل ٹاؤن سانحہ کا ذمہ دار خود کے بجائے پولیس کو قرار دے رہے ہیں۔ طاہرالقادری کی ایک کال پر ہم حاضر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے رُکنیت سازی مہم ملتوی کی ہے لیکن منسوخ نہیں کی۔ ہم اپنا رش دکھاکر ان کا رش نہیں بڑھناچاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور خاص، حیدرآباد اور کراچی کے ایم این ایز، ایم پی ایز، میئر، ڈپٹی میئر ان کے پاس ہیں ۔