آئی کیپ نے خواتین چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور طالبات کی استعداد بڑھانے کے لیے ویمن چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کمیٹی قائم کر دی

جمعہ 8 دسمبر 2017 00:20

کراچی ۔ 7 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء) انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس پاکستان (آئی کیپ) نے خواتین چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کی خواہش مند طالبات کی استعداد بڑھانے کے لیے ویمن چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کمیٹی نے 14 دسمبر 2017 کو کراچی میں لیڈرشپ سمٹ آن اسکیلنگ دی فورتھ انڈسٹریل ریولوشن Scaling the Fourth Industrial Revolution منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جمعرات کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سمٹ میں سی سوٹ ایگزیکٹو ز، سینئر منیجرز، بزنس لیڈرزو پروفیشنلز، آڈٹ، ٹیکس، سیلز، مارکیٹنگ، سپلائی چین اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں سے 500 سے زائدخواتین شرکت کریں گی۔ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد شرکاء کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ کارپوریٹ لیڈرز کے تجربات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے مطابق سمٹ میں یو این کمیٹی آن سائنس، ٹیکنالوجی و انوویشن پروفیسر عطاء الرحمان ، آئی بی ایم پاکستان و افغانستان کے جنرل منیجر غضنفر علی، صدر پاشا جہاں آراء، پارٹنر ڈیلوٹی سید اسد علی شاہ، پاکستان بزنس کونسل کے سی ای او احسان ملک، بانی و سی ای او انگیج کنسلٹنگ پال کیزر اور صدر و سی ای او یوبی ایل سیما کامل خطاب کریںگے۔