نامور ادیب اور محقق مسعود احمد برکاتی85برس کی عمر میں انتقال کرگئے

مسعود احمد برکاتی کا شمار ہمدرد فاؤنڈیشن کے سربراہ حکیم محمد سعید کے انتہائی قریبی، بااعتماد اور دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا

پیر دسمبر 11:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2017ء) ملک کے نامور ادیب، محقق، مترجم اور حکیم محمد سعید کے دیرینہ ساتھی مسعود احمد برکاتی انتقال کرگئے ۔مرحوم مسعود برکاتی نے سوگواران میں اہلیہ ، 3بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے، ان کی عمر 85 برس تھی۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور کچھ ماہ قبل وہ دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہوگئے تھے۔ انھیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ،وہ تقسیم ہند کے بعد پاکستان چلے آئے اور ہمدرد فاؤنڈیشن سے ایسے منسلک ہوئے کہ زندگی کی 60 سے زائد بہاریں انھوں نے اسی ادارے میں دیکھیں۔

مسعود احمد برکاتی کا شمار ہمدرد فاؤنڈیشن کے سربراہ حکیم محمد سعید کے انتہائی قریبی، بااعتماد اور دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ نامور ادیب، محقق، کئی کتابوں کے مصنف اور مترجم رہے ، وہ خصوصی طور پر بچوں کے ادب کی قد آور شخصیت تھے۔مسعود احمد برکاتی بچوں کے رسالے ہمدرد نونہال اور ہمدرد صحت کے مدیر رہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہمدرد ایڈیٹوریل بورڈ کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض منصبی انجام دیتے تھے۔واضح رہے کہ ہمدرد نونہال مشہور و معروف رسالہ ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی بچوں میں انتہائی مقبول رسالہ رہا ہے۔ مرحوم صدارتی ایوارڈ یافتہ اور گولڈ میڈلسٹ بھی تھے۔

Your Thoughts and Comments