چیئرمین پی سی بی کی وزیر اعلی سندھ سے ملاقات

کراچی میں عالمی کرکٹ واپس لاناچاہتے ہیں ، ہر لحاظ سے پی ایس ایل تھری کو تاریخی بنائیں گے، سید مراد علی شاہ

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:24

چیئرمین پی سی بی کی وزیر اعلی سندھ سے ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے جمعہ کوچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ ہائوس میںملاقات کی ہے ،ملاقات میں پی ایس ایل تھری کے کراچی میں شیڈول میچز کی سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں آئی جی ، سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی ، کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز و دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ کراچی میں عالمی کرکٹ واپس لاناچاہتے ہیں ، ہر لحاظ سے پی ایس ایل تھری کو تاریخی بنائیں گے۔کراچی کے عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں عالمی کرکٹ کو کراچی واپس لانا چاہتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی کو فل ڈریس سیکیورٹی ریہرسل کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ فل ڈریس کرکٹ میچز کی ریہرسل بین الاقوامی اعتماد پیدا کرے گا۔ اگلے 30 روز کے اندر فل ڈریس ریہرسل ہوگی۔علاوہ ازیں اسٹیڈیم کی مرمت میں سیکیورٹی تجاویز کے لیے ایس ایس پی سیکیورٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔