سپریم کورٹ کی این ٹی ایس ٹیسٹ کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ایف آئی اے حکام کو تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) سپریم کورٹ نے این ٹی ایس ٹیسٹ کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ایف آئی اے حکام کو تین ماہ میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے ۔جمعہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں این ٹی ایس ٹیسٹ کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ سے جاری فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔

دوران سماعت عدالت نے این ٹی ایس کے وکیل سے استفسار کیا کہ پیپر لیکس کے حوالے سے ایف آئی اے نے کیا تحقیقات کیں ۔ جواب میں وکیل کا کہنا تھا کہ ٹائپنگ کی غلطی سے ہر امید کو دو نمبر اضافی دیئے گئے ۔ امتحانی ٹیسٹ کی وجہ سے کسی طالب علم کو کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ این ٹی ایس کے کامیاب طالب علموں کے داخلے ہو چکے ہیں اور کلاسز بھی جلد شروع ہوں گی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرا ر رکھتے ہوئے ایف آئی اے حکام کو حکم دیا کہ وہ تین ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے جواب جمع کرائیں ۔ کمرہ عدالت میں این ٹی ایس کے حامی و مخالف طلبہ نے فیصلے کے بعد شور شرابہ کیا ۔ جس پر جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ آپ باہر جائیں عدالت میں شور شرابہ برداشت نہیں کریں گے ۔ عدالت کو مچھلی بازار نہ بنائیں بلکہ زندگی میں نظم وضبط پیدا کریں ۔

عدالت سے نکالے جانے کے بعد احاطہ عدالت میں کامیاب طلبہ و طالبات نے تالیاں بجائیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی جبکہ ناکام طالب علموں میں مایوسی چھا گئی ۔ احاطہ عدالت میں این ٹی ایس ٹیسٹ کے حامی و مخالف طلبہ و طالبات کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔ جس پر انہیں احاطہ عدالت سے بھی باہر نکال دیا گیا ۔