مدت پوری کرنا حکومت کا آئینی حق ہے انتخابات وقت پر ہی ہونگے ، انتشار کی سیاست سے گریز کیا جائے‘رانا محمد اقبال خاں

2018ملک کیلئے اچھا ثابت ہو گا،سی پیک، پاکستان اور دیگر ایشائی ممالک کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے‘ سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ مدت پوری کرنا حکومت کا آئینی حق ہے انتخابات وقت پر ہی ہونگے ، انتشار کی سیاست سے گریز کیا جائے ، 2018ء انشاء اللہ ملک کے لیے اچھا ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورکالج برائے خواتین یونیورسٹی ، لاہور میں انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجابی ادب کی ثقافتی تاریخ بڑی شاندار ہے۔ معروف صوفی شعراء حضرت سلطان باہو ، با با بلھے شاہ ، وارث شاہ اور شاہ حسین کی شاعری ہمارے پنجابی ادب کا سرمایہ ہے۔ عارفانہ کلام سے صوفیاء نے اپنے تجربات سے عشق حقیقی میں در پیش رکاوٹیں دورکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جذبات کا اظہار جس خوبصورت اور مکمل انداز سے پنجابی میں پیش کیا جا سکتا ہے شاید ہی کسی دوسری زبان میں ممکن ہو۔

(جاری ہے)

اس تین روزہ انٹر نیشنل پنجابی کانفرنس سے پنجابی زبان و ادب کو مزید تقویت ملے گی۔ سی پیک، پاکستان اور دیگر ایشائی ممالک کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف علم دوست رہنما ہیں۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو دنیا بھر کے دورے کروائے، لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور اربوں روپے وظائف کے طور پر دیے جو کہ تعلیم سے ان کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

سپیکر نے کہا کہ پنجابی کانفرنس کے تحقیقی مقالے پنجابی زبان کی ترویج کے لئے کار آمد ثابت ہو ں گے ۔ سپیکر نے اپنے خطاب میںپنجابی کے اشعار اور کہاوتوں سے ماحول گرمایا اور سامعین سے خوب داد وصول کی۔اس موقع پر سپیکر نے ملکی و غیر ملکی شعراء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ قبل ازیں جب سپیکر پنجاب اسمبلی لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پہنچے تو اساتذہ اور طلبا ء نے ان کا بھرپور استقبال کیا ۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی خدمت کے بے شمار منصوبے شروع کیے ہوئے ہیں جو کہ جلدپایہ تکمیل کو پہنچیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ 2018انشاء اللہ ملک کے لیے خوشی کی نوید ثابت ہو گا۔