القدس پر اقوام متحدہ میں امریکہ کی شکست مظلوم اقوام کے روشن مستقبل کی دلیل ہے‘طاہر محمود اشرفی

اسرائیل ،امریکہ اور بھارت کے دہشت گرد عزائم کو امت مسلمہ کے اتحاد سے ناکام بنایا جا سکتا ہے ‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:33

القدس پر اقوام متحدہ میں امریکہ کی شکست مظلوم اقوام کے روشن مستقبل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ ہے کہ القدس پر اقوام متحدہ میں امریکہ کی شکست مظلوم اقوام کے روشن مستقبل کی دلیل ہے، فلسطین اور کشمیر کی آزادی قریب ہے ، اسرائیل امریکہ اور بھارت کے دہشت گرد عزائم کو امت مسلمہ کے اتحاد سے ناکام بنایا جا سکتا ہے ، القدس اور ارض الحرمین الشریفین کا دفاع اور سلامتی ہر مسلمان پر فرض ہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ طاہرمحمود اشرفی نے کہاکہ امریکی صدر اور حوثی باغیوں نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے ، القدس اور ارض الحرمین الشریفین پوری امت مسلمہ کو عزیز ہے اور کسی بھی ملک ، گروہ یا جماعت کو القدس اور ارض الحرمین الشریفین کے امن سے نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت ملک بھر میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ مہم چلائی جائے گی ۔

اقوام متحدہ میں امریکی فیصلے کے مستر د کیے جانے کی تحسین کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اقوام عالم نے ثابت کیا ہے کہ وہ امریکہ کی جارحانہ اور غاصبانہ پالیسیوں کو تسلیم نہیں کرتے ، اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کی حمایت میں ووٹ دینے والے ممالک نے عالمی امن کو مضبوط کیا ہے اور انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو کمزور کیا ہے ، انہوں نے اقوام متحدہ میں قرار داد کی منظور ی کے حوالے سے پاکستان ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور یمن کی کوششوں کو سراہا۔