Live Updates

پی ٹی آئی مظلوموں کیساتھ ہے، عمران خان کی ہدایت پر عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بھرپور ساتھ دینگے ‘ولیدا قبال

آئندہ انتخابات میں وہی نتائج نکلیں گے جو عوام کے ووٹوں کے مطابق ہونگے ،(ن) لیگ کی مرضی کے نتائج نہیں نکلیں گے‘پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 22 دسمبر 2017 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال نے کہا ہے کہ آج کی نوجوان نسل کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒکی شخصیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے یہ ملک قربانیاں دیکر حاصل کیا، نظرئیے کی خاطر جانیں قربان کیں اور خون کی ندیاں عبور کرکے اس پاک دھرتی تک پہنچے لیکن بعد میں اقتدار میں آنیوالوں نے سب کچھ بھلاکر ملک کو اندھیرے اور جہالت کی دلدل میں دھکیل دیا اور پاک وطن کو اس طرح لوٹا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی والے دنگ رہ گئے۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے ماڈل آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے بزرگوں بالخصوص قائد اعظم کے افکار سے آگاہ کرنے کا مقصد یہی ہے کہ ہم نوجوانوں کو اپنے اس ماضی سے آگاہ کریں جو ہم سے چھین کر ہمیں کرپٹ اور لاچار بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ولید اقبال نے کہا کہ وطن عزیز کسی خاندان کی جاگیر نہیں، ہم سب اس کے وارث اور پاکستان ہیں اس لئے پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کنونشن کی کامیابی کیلئے تحریک انصاف کے تمام ونگز بھرپور انداز میں تیاریاں کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ کامیاب کنونشن کے دور رس نتائج حاصل ہوں گے اور نوجوان نسل بھرپور استفادہ حاصل کرے گی۔ مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف مظلوموں کیساتھ ہے، عمران خان کی ہدایت پر عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بھرپور ساتھ دیں گے۔ انتخابات کی تیاریوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ تحریک انصاف نے گراس روٹ کی سطح تک منظم انداز میں تنظیم سازی کی ہے، آئندہ انتخابات میں وہی نتائج نکلیں گے جو عوام کے ووٹوں کے مطابق ہوں گے اب ن لیگ کی مرضی کے نتائج نہیں نکلیں گے ہم نے دھاندلی کے تمام دروازے بند کر دئیے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :