اتحادی ایک دوسرے کیلئے تنبیہ جاری نہیں کرتے، پاکستان کا نائب امریکی صدر کی دھمکی پر شدید ردعمل کا اظہار

امریکہ ان لوگوں کو بھی تنبیہ کرے جو افغانستان میں منشیات کی پیداوار، صنعتی پیمانے پر بدعنوانی، حکومت کو ختم کرنے، داعش کو جڑیں مضبوط کرنے کی اجازت دینے میں ملوث ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 22 دسمبر 2017 20:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2017ء) پاکستان نے امریکی نائب صدر مائیک پینس کی جانب سے دی جانے والی دھمکی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ پر واضح کیا ہے کہ اتحادی ایک دوسرے کیلئے تنبیہ جاری نہیں کرتے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ایک جاری بیان میں کہا کہ امریکی نائب صدر کی جانب سے افغانستان میں دیا جانے والا حالیہ بیان امریکی انتظامیہ سے پاکستانی حکام کی ہونے والی ملاقاتوں اور بات چیت سے بالکل مختلف ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے امریکی نائب صدر کی دھمکی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ایک دوسرے کیلئے تنبیہ جاری نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایک تنبیہ ان لوگوں کو بھی جاری کرنی جانا چاہیے جو افغانستان میں منشیات کی پیدوار، غیر سرکاری اور انتظامی مقامات کی توسیع، صنعتی پیمانے پر بد عنوانی، حکومت کو ختم کرنے اور داعش کو یہاں جڑیں مضبوط کرنے کی اجازت دینے میں ملوث ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امن قائم کرنے کے لیے مذاکراتی میکنزم پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ بالآخر اپنی ناکامی کے الزامات دوسروں پر ڈالنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔