پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط بنانا نواز شریف کا نظریہ ہے ،

ملک سے اندھیرے ختم کرنا ، معیشت کو مضبوط بنانا، عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا‘سی پیک کو تیزی سے مکمل کرنااور انتخابی منشور کو عملی جامہ پہنانا نواز شریف کا نظریہ اور پارٹی کا نصب العین ہے‘ صوبوں میں حکومت کرنے والی اپوزیشن بھی بے جا تنقید کرنے کی بجائے عوامی فلاح کیلئے مکمل کئیے گئے کام عوام کو پیش کریں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا بھارہ کہو میں سملی ڈیم روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 30 دسمبر 2017 19:58

پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط بنانا نواز شریف کا نظریہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط بنانا نواز شریف کا نظریہ ہے ، ملک سے اندھیرے ختم کرنا ، معیشت کو مضبوط بنانا،عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانا، ملک میں موٹر ویز کا جال بچھانا، سی پیک جیسے تاریخ ساز منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنااور انتخابی منشور کو عملی جامہ پہنانا نواز شریف کا نظریہ اور پارٹی کا نصب العین ہے جس پر حکومت نے ان چند سالوں میں عمل کر کے دکھایا۔

ہم نے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھی ہے ،صوبوں میں حکومت کرنے والی اپوزیشن بھی بے جا تنقید کرنے کی بجائے عوامی فلاح کیلئے مکمل کئیے گئے کام عوام کو پیش کریں‘ یقیناً اپوزیشن کی کارکردگی اپنے صوبوں میں قابل ستائش نہیں‘اس لئے انھیں تنقید برائے تنقید کا سہارا لینا پڑ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارہ کہو میں سملی ڈیم روڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی نظریہ پوچھنے والے کارکردگی کا موازنہ کریں ، حالیہ دور میں ملک میں ہونے والے ترقیاتی کام انقلابی ہیں جن کی گزشتہ کئی دہائیوں میں مثال نہیں ملتی۔ابھی ان ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر مملکت نے اجلاس میں اعلان کیا کہ مری روڈ پر بھارہ کہو بائی پاس تعمیر کیا جائے گا، اس سلسلے میں وزیر اعظم کی طرف سے اصولی منظوری حاصل کی جا چکی ہے۔

بائی پاس کی تعمیر سے مری ، گلیات اور آزاد کشمیر جانے والے سیاحوں کو بھی سہولت میسر ہو گی ۔وزیر اعظم جلد میر بھیگوال پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح بھی کریں گے جس سے علاقے کے طلباء تیکنیکی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ سملی ڈیم روڈ کا پانی بھارہ کہو سے ہو کر اسلام آباد کے شہری علاقوں کو جاتا ہے ، اس پانی میں بھارہ کہو کے علاقے کو اس کا حق دلائیں گے۔

علاقے کے عوام کی ہر مشکل کے حل کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔سپریم کورٹ نے اسلام آباد کے زون تھری میں غیر حصول شدہ ایریا میں زمینوں کے انتقال پر پابندی لگا دی تھی جس کیلئے عدالت میں پیش ہو کر عوام کا موقف اور ان کی مشکلات کی تفصیل پیش کی ۔جس پر عدلیہ نے یہ پابندی ہٹا دی ۔ شہر کے تمام سرکاری سکولوں میں وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کی وساطت سے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور تعمیر نو کا کام جاری ہے۔