ملک کے موجودہ حالات انتخابات کے لیے موزوں نہیں، پرویزمشرف

نوازشریف کرپشن کے باعث نااہل ثابت ہو چکے ہیں، شریف برادران سے کوئی ڈیل نہیں ہونی چاہیے، نوازشریف کا مقصد فوج پر دبائو ڈالنا ہے، انٹرویو

اتوار 31 دسمبر 2017 17:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ملک کے حالات کشیدہ ہیں جو کہ انتخابات کے لیے موزوں نہیں اور اس سیاسی کھینچا تانی اور لڑائی جھگڑے کے دوران مجھے الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔ نوازشریف کرپشن کے باعث نااہل ثابت ہو چکے ہیں اس لیے شریف برادران سے کوئی ڈیل نہیں ہونی چاہیے، نوازشریف کا مقصد فوج پر دبائو ڈالنا ہے جس کی انہیں پرانی بیماری ہے اور مجھے بھی دبائو میں رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

ایک خصوصی انٹرویومیں سابق صدر نے کہاکہ نوازشریف کی سعودی عرب میں ڈیل سے متعلق پتہ نہیں البتہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب نے دونوں بھائیوں کو تحقیقات کے لیے بلایا ہوں کیوں کہ وہاں کرپشن کے خلاف مہم جاری ہے اور نواز و شہباز کے وہاں بھی کاروباری معاملات تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک مشکل دور گزر رہا ہے گو حکومت میرا راستہ روکنے کے لیے مختلف حربے اپنا رہی ہے اور ویزہ و پاسپورٹ کے حوالے سے مجھے تنگ بھی کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود میں درست موقع پرضرور پاکستان آئوں گا۔

پرویز مشرف نے کہا کہ بلاول بھٹو کم سن ہیں اس لیے اپنے سے بڑے عمر کے افراد کے لیے زبان و بیان میں تہذیب کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، انہوں نے مجھ پر اپنی والدہ کے قتل کا الزام لگا کر میرے خلاف نعرے بازی کروائی حالانکہ سب جانتے ہیں کہ بی بی کہ شہادت سے سب سے زیادہ فائدہ آصف زرداری کو ہوا۔سابق صدر پرویز مشرف کا ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان کا امریکا سے تعلقات میں اتار چڑھا آتا رہتا ہے اور اس تعلقات میں اتار چڑھا امریکا کی ہی وجہ سے آتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں جس کا اعتراف کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن سے والدہ اور اہلیہ کی ملاقات پاکستان کا اچھا اقدام تھا جس سے پاکستان کے انسانی حقوق اور رواداری کے سے بھرپور کردار کا پتہ چلتا ہے جس کے لیے پوری دنیا کو پاکستان کا معترف ہونا چاہیے۔