قوم اور قومی قیادت شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے شانہ بشانہ کھڑی رہی:ڈاکٹر طاہرالقادری

پیر 1 جنوری 2018 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ قوم اور قومی قیادت شہدائے ماڈل ٹائون کے مظلوم ورثاء کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اب قاتل حکمرانوں کو ان کے انجام سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد قاتل ٹولے کے زبانیں گُنگ ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے نئے سال میں پاکستان کی زمین ظالموں ،قاتلوں اور لٹیروں پر تنگ ہو اور مظلوموں کے لیے گوشہ امن و راحت بنے۔

وہ گزشتہ روز مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کی سوشل میڈیا ٹیم کے کوآرڈینیٹر سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ سوشل میڈیا کوآرڈینیٹرز نے چودھری عرفان یوسف کی قیادت میں ملاقات کی اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی اور سیکرٹری جنرل قاسم اعوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک سٹیٹس کو کی جماعت نہیں ہم ریفارمز چاہتے ہیں۔

سیاسی، معاشی ادارہ جاتی ریفارمز کے بغیر عام آدمی کو انصاف اور ان کا حق نہیں ملے گا۔ ریفارمز محض سیاسی ایجنڈا نہیں بلکہ ہم اسے عبادت سمجھتے ہیں کیونکہ کمزور کا جو استحصال ہورہا ہے اس کا سبب یہ ظالم نظام ہے۔ جب تک یہ نظام رہے گا قاتل اشرافیہ جنم لیتی رہے گی اور بے گناہ شہری قتل ہوتے رہیں گے۔انہوں نے تحریک کی سوشل میڈیا ٹیم سے کہا کہ ریفارمز اور انقلاب کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔

سوشل میڈیا آج کے جدید دور کا ابلاغ عامہ کے اعتبار سے موثر اور پاور فل ذریعہ ہے۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے اے پی سی کو حصول انصاف کے ضمن میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل اپنے انجام سے اب بچ نہیں پائیں گے۔ پوری قوم اشرافیہ کے ظلم کے خلاف کھڑی ہو چکی ہے۔ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف ملنے سے پھر کوئی طاقت کے نشے میں مست حکمران بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلنے کی جرأت نہیں کر سکے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن اسلامک سنٹر کراچی کے ڈائریکٹر اور دیرینہ ساتھی خواجہ محمد اشرف کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ خواجہ اشرف نے تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا وہ ایک خدا ترس مسلمان اور سچے عاشق رسول تھے ان کی جملہ توانائیاں اور وسائل دینی و دنیاوی تعلیم ،اسلام اور انسانیت کی خدمت کیلئے وقف تھے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد اشرف کے انتقال پر تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن غمزدہ ہے اور ان کی بخشش ،درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت خواجہ محمد اشرف کے اہلخانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

متعلقہ عنوان :