جون تک صوبہ کے تمام سکولوں کو کمپیوٹر لیبارٹریز سمت بنیادی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی، صوبائی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم

پیر 1 جنوری 2018 10:30

ہری پور۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2018ء) صوبائی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم محمد رفیق خان خٹک نے کہا ہے کہ رواں سال جون تک پورے صوبہ میں ایسا کوئی سکول نہیں ہوگا جس میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں اور نہ ہی کوئی ہائی و ہائیر سیکنڈری سکول ہو گا جس میں آئی ٹی لیبارٹری کی سہولت موجود نہ ہو، صوبائی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد اور ہری پورکو حق میزبانی ادا کرنے پر وہ خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وہ گذشتہ روز ہری پور میں صوبائی سکولز ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت صدر مجلس خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پہلے صوبہ کا تعلیمی بجٹ 61 ارب تھا جس میں 114 فیصد اضافہ کرتے ہوئے موجودہ صوبائی حکومت نے 137 ارب کر دیا ہے، اب محکمہ تعلیم کو فنڈز کی کوئی کمی نہیں، 7 ارب روپے فرنیچر اور 30 ارب روپے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کئے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، انشاء الله جون 2018ء تک صوبہ میں پرائمری سے لیکر سکینڈری تک ایسا کوئی سکول نہیں ہو گا جس میں بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں، اسی طرح جون 2018ء تک تمام ہائی وہائیر سکینڈری سکولوں میں کمپیوٹر لیبارٹری کی سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تعلیمی اصلاحات کی بدولت محکمہ میں واضع تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نہ صرف 40 ہزاراساتذہ کی میرٹ پر بھرتی عمل میں لائی گئی ہے بلکہ انہیں ریگولرائز بھی کیا گیا ہے، ان میں سے ایک بھرتی بھی بغیر میرٹ ثابت ہو جائے تو وہ اس کے مجرم ہیں، حتی کہ صوبہ کے وزیراعلیٰ اور وزیر تعلیم کے کہنے پر بھی ایک آدمی بھرتی نہیں کیا گیا، موجودہ دور میں تین ہزار نئے سکول قائم کئے گئے ہیںجو فنکشنل ہو چکے ہیں جبکہ کئی ایک پائپ لائن میں ہیں جو جلد اے ڈی پی کا حصہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر سرکاری و غیر جانبدار تنظیم الف اعلان کی جانب سے سروے اور تعلیمی رینکنگ میں ہری پور کا پورے پاکستان میں پہلا نمبر اور پہلے دس میں نو اضلاع خیبر پختونخوا کے آنے پر سب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ سب تعلیمی اصلاحات کا ثمر ہے۔

متعلقہ عنوان :