پاکستان کلب بحرین میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 1 جنوری 2018 11:51

پاکستان کلب بحرین میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس ..
منامہ-(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جنوری2018ءنمائندہ خصوصی۔ میاں توصیف) پاکستان کلب بحرین میں قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی جاوید ملک سفیر پاکستان تھے اور معزز مہمانان گرامی احمد قراتا اور علی بو فرسان ممبران پارلیمنٹ بحرین اور خصوصی طور پر پادری آئزک اور ناصر جوزف شریک ہوئے اس کے علاوہ بڑی تعداد میں مسیحی خاندانوں کے ساتھ ساتھ دیگر پاکستانی کمیونٹی بهی موجود تهیتقریب کے آغاز میں کوئٹہ چرچ حملہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

(جاری ہے)

چئیرمین پاکستان کلب انجنئیر ریحان احمد کی طرف سے شرکاء کو خوش آمدید کہا گیا اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی گئی مہمان خصوصی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور اپنے خطاب میں قائداعظم کے سنہری اصول اتحاد ایمان تنظیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے حضرت عیسٰی علیہ السلام کی زندگی اور عظمت بیان کی اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہا۔


پادری آئزک اور ناصر جوزف نے اپنے خطاب میں کرسمس کی خوشیاں مسیحی برادری کے ساتھ منانے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور حضرت عیسٰی علیہ السلام کی تعلیمات پر روشنی ڈالی بعدازاں مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کی طرف سے قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور کرسمس کی مناسبت سے مسیحی بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔دعائیہ کے بعد مسیحی برادری کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا