حریت رہنمائوں اور تنظیموں کاپلوامہ میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو خراج عقیدت

تنازعہ کشمیر بارے بھارت کاغیر ذمہ دارانہ رو یہ خطے میں جاری خون خرابے کی بنیادی وجہ ہے، شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، کشمیری رہنماء

پیر 1 جنوری 2018 19:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ضلع پلوامہ کے علاقے لیتہ پورہ میں شہید ہونیوالے نوجوانوں منظور احمد بابا اور فردین احمد کھانڈے کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کاغیر ذمہ دارانہ رو یہ خطے میں جاری خون خرابے کی بنیادی وجہ ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری نوجوان اپنے جانوں کی قربانی دے کر قوم پر یہ بھاری ذمہ داری ڈال دیتے ہیں کہ وہ حصول مقصد تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور بھارت سے مکمل آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہ کریں۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے شبیر احمد شاہ سمیت کشمیری عوام کے سیاسی نمائند وں کومسلسل نظربند رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں ایک سیاسی خلاء اور گھٹن کا ماحول پیدا ہواہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ حالات کا سنگین پہلو یہ ہے کہ بھارت این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسی ایجنسیوں کو کشمیر میں سیاسی مخالفین کو خاموش کرانے کیلئے استعمال کررہا ہے اور من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگاکر حریت پسند رہنمائوںاور کارکنوں کی نظربندی کو طول دے رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی حکام کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے ہرقسم کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔

انہوںنے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ماضی میں بھی ناکامی سے دوچار ہونا پڑا ہے اور کشمیری عوام کے صبرو استقلال کے باعث مستقبل میں بھی وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا۔سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبربٹ نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

سالویشن مومنٹ کے ترجمان کے مطابق مولانا مدثر قریشی، محمد ایوب اور منظور احمد پر مشتمل پارٹی کے ایک وفد نے دربگام پلوامہ میں شہید نوجوان منظور احمد بابا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے میں جاری قتل و غارت کی اصل وجہ ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نوجوان نسل کو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کررہا ہے اور جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت نہیں دیاجاتا، جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیںہوسکتا۔

متعلقہ عنوان :