مقبوضہ کشمیر، پلوامہ میں شہیدنوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

17ء میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 291 کشمیری شہید ہوئے

پیر 1 جنوری 2018 19:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقوں ترال اور دربگام میں ہزاروں افراد نے شہید نوجوانوں فردین احمد کھانڈے اور منظور احمد بابا کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فردین کھانڈے اور منظور بابا گزشتہ روز ضلع پلوامہ کے علاقے لیتہ پورہ میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس کے تربیتی مرکز پر حملے کے دوران شہید ہوئے تھے۔

حملے میں سی آر پی ایف کے پانچ اہلکار ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے۔ جنازوں کے شرکاء آزادی اور اسلام کے حق میں نعرے لگارہے تھے۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے ایک وفد سمیت حریت رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سی آر پی ایف کی عمارت سے ایک اور لاش برآمد ہوئی ہے جس سے حملے میں مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تین مجاہدین کی شہادت پر ضلع پلوامہ میں مکمل ہڑتال اور بھارت کے خلاف زبردست مظاہرے کئے گئے۔ ضلع میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ بھارتی فورسز نے ضلع کے علاقے دربگام میں احتجاجی مظاہرین پر گولیا ں اور پیلٹ فائر کئے جس سے متعد د افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموںنے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2017کے دوران مقبوضہ کشمیرمیںقتل عام اور شہریوں اور حریت قیادت کو ہراساں کرنے ، سیاسی سرگرمیوں پر قدغن اور دینی فرائض کی ادائیگی پر پابندیوں سمیت انسانی حقوق کی دیگر پامالیاں مسلسل جاری رہیں۔

رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا اور بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ ، الطا ف احمد شاہ ، ایاز اکبر ، پیر سیف اللہ ، معراج الدین کلوال ، شاہد الاسلام ، فاروق احمد ڈار ، نعیم احمد خان ، ظہور وٹالی ، فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف اور شاہد یوسف کو جھوٹے اور بے بنیا د مقدمات میںگرفتار اور ہراساں کرنے کیلئے استعمال کیاگیا۔

ادھر بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کاروائیوں کے دوران گزشتہ سال 6خواتین اور18 بچوںسمیت291بے گناہ کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ان میں سی22 افراد کو دوران حراست شہید کیاگیا،ان شہادتوں کی وجہ سے 31خواتین بیوہ اور73بچے یتیم ہوئے، اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز کے اہلکاروںنے 211خواتین کی بے حرمتیاں کیں۔ پیلٹ گنز سے ایک ہزار47افراد زخمی ہوئے، جبکہ 3ہزار529افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گذشتہ ماہ دسمبر میںبھارتی فوجیوںنے دو خواتین سمیت 14کشمیریوں کو شہید کیا۔ فوجیوںنے گزشتہ ماہ 125مکانوں کو بھی تباہ کیا۔