آزا دکشمیر میں انفراسٹرکچر اور روڈ ز سے متعلق جملہ ترقیاتی منصوبہ جات عام آدمی کو ترجیحاً فائدہ و سہولیات پہنچانے کے لیے شروع کیے گے ہیں ،سردار مسعود خان

پیر 1 جنوری 2018 20:24

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزا دکشمیر میں انفراسٹرکچر اور روڈ ز سے متعلق جملہ ترقیاتی منصوبہ جات عام آدمی کو ترجیحاً فائدہ و سہولیات پہنچانے کے لیے شروع کیے گے ہیں ۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار ضلع پونچھ راولاکوٹ کی مختلف یونین کونسلز ہا ء میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے معائنہ کے دوران کیا۔

دورہ کے دوران صدر کو ترقیاتی منصوبہ جات پر کارروائی سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ صدر نے تمام منصوبوں کی اعلیٰ تکنیکی اور معیاری اور جلد تعمیر کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے متعلقین کو ان منصوبہ جات کی معیاری اور جلد تعمیر کے لیے ہدایت کی ہے۔ صدر مسعود خان نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کو علاقہ کا ترقیاتی مرکز بنانے کے لیے آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر جدید سڑکات کے نیٹ ورک اور صنعتوں کی تعمیر پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سرمایہ کاری نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں ، خاص طور پر کنسٹرکشن ، بجلی کی پیداوار ، انڈسٹری ، معدنیات کی نکاسی ، سیاحت اور زراعت کے شعبوں میں تیزی سے کام شروع ہو چکا ہے صدر مسعود خان نے تمام آبادی کی فلاح و بہبود وفروغ کے لیے آزاد جموں وکشمیر کی حکومت کی پالیسیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ حکومت نے پرائمری ، ثانوی اور عمودی سطح پر تعلیمی سہولیات کی بہترین فراہمی کے لیے سکولوں کی تعمیر پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم تک رسائی کے لیے آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے جدید ذیلی کیمپسز قائم کیے جائیں گے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں اقتصادی ترقی کی ایک نئی لہر شروع ہو رہی ہے، جو پاکستان کے لیے خود مختاری اور ایک اقتصادی ںانجن کی حیثیت اختیار کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اپنے سٹرٹیجک مقام کی وجہ سے پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے مضبوط بنیاد ہے۔

صدر نے انفرسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ روڈز نیٹ ورک کی توسیع ، سیاحت ، سرمایہ کاری اور آزاد کشمیر میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آزاد کشمیر کو سی پیک کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔ جس سے ایک اقتصادی انقلاب برپا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چار بڑے منصوبوں جن میں کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (1124)میگاواٹ ، کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (720)میگاواٹ ، میر پور صنعتی زون اور 196کلو میٹر مانسہرہ تا میر پور ایکسپریس وے شامل ہیں۔

اس طرح آزا دکشمیر سی پیک کے ساتھ مکمل طور پر منسلک ہو جائے گا۔ صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ناقابل یقین جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموشی اور غفلت قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن بھائیوں کو ایک ظالمانہ حکومت کا سامنا ہے جو غیر مسلح ہیں اور اپنے بنیادی حق خودمختاری اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

بھارت معصوم مظاہرین کو ظالمانہ طور پر قتل ، ہراساں اور گرفتا رکر کے انہیں پابند سلاسل کر رہا ہے جو بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ صدر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوراً نوٹس لینا چاہیے۔راٹھور