اٹک کے ہسپتال میں سلنڈر دھماکے سے 6 افراد جاں بحق،متعدد زخمی ،وزیراعلی پنجاب کا نوٹس ،رپورٹ طلب کرلی

سلنڈر دھماکے کی وجہ سے ہسپتال کا گائنی وارڈ مکمل طور پر منہدم ہو گیا،ڈی سی او اٹک انکوائری کرکے ذمے داران کا تعین کیا جائے،غفلت کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جا ئے،شہباز شریف

پیر 1 جنوری 2018 23:07

اٹک کے ہسپتال میں سلنڈر دھماکے سے 6 افراد جاں بحق،متعدد زخمی ،وزیراعلی ..
کامرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2018ء) اٹک کے ایک ہسپتال میں سلنڈر دھماکے سے بچوں اور خواتین سمیت 6افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ وزیراعلی شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی اور حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پراظہارافسوس کیا ہے۔پیر کواٹک کے اسفند یار بخاری ہسپتال میں گیس سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہونے سی2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

عمارت کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والوں میں مریض اور ان کے اٹینڈنٹ شامل ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے عمارت کے ملبے تلے افراد کو نکال لیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) اٹک عبادت نثار، ڈپٹی کمشنر رانا اکبر حیات اور رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب موقع پر پہنچے۔

(جاری ہے)

رانا اکبر حیات نے عمارت کے منہدم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ہسپتال میں موجود متعدد مریض اور ان کے عزیز و اقارب زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کی عمارت سلنڈر پھٹنے سے منہدم ہوگئی جس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔دوسری جانب وزیراعلی شہباز شریف نے ا ٹک ڈی ایچ کیواسپتال میں سلنڈردھما کے میں عمارت کا کچھ حصہ گر نے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پراظہارافسوس کیا ہے ۔وزیراعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔شہبازشریف نے صوبائی وزیرصحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلی کاکہنا ہے کہ انکوائری کرکے ذمے داران کا تعین کیا جائے،غفلت کے ذمے داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جا ئے۔