لیتہ پورہ پلوامہ میںشہید ہونے والے نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ہمیں شکست دینا بھارت کے بس کی بات نہیں، شہادت سے پہلے نوجوان کاویڈیو پیغام

منگل 2 جنوری 2018 15:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے لیتہ پورہ میںسینٹرل ریزرو پولیس فورس کے تربیتی مرکز پر حملے کے دوران شہید ہونے والے نوجوان فردین احمد کھانڈے کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق 17سالہ نوجوان فردین خان ویڈیو میںاپنی شہادت کی پیش گوئی کرتے ہوئے نوجوانوں کو بھارت کے خلاف جدوجہد میں شامل ہونے پر زوردے رہا ہے۔

فردین کہتا ہے کہ جب یہ ویڈیو آپ تک پہنچے گی میں جنت کے باغوں کی سیر کرتا ہونگا۔وہ اطمینان بخش انداز میںبھارت کے اس پروپیگنڈے کو مسترد کرتاہے کہ کشمیری نوجوانوں کے مسلح جدوجہد میں شامل ہونے کی ایک وجہ بے روزگاری ہے۔ وہ کہہ رہا ہے کہ کشمیری نوجوان اپنے عوام کے لیے اور بھارتی حکومت کی طرف سے جاری مظالم کے خلاف لڑنے کے لیے مسلح جدوجہد میں شامل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

آٹھ منٹ کی ویڈیو میںفردین کہہ رہا ہے کہ ظالموں نے معصوم شہریوں کو قتل اور معذور بنانے میںکوئی کسر باقی نہیں چھوڑی اورہماری خواتین کی عصمت کو تارتار اورہمارے وسائل کو لوٹا جارہا ہے۔بھارتی حکومت کے کشمیر میں مجاہدین کو ختم کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے نئی دہلی کو چیلنج کیا کہ ہمیں شکست دینا اس کے بس کی بات نہیں ہے۔ فردین کہتا ہے کہ شہادت سے آزادی نہیں آئے گی لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ لوگ جدوجہد کرنا چھوڑ دیں۔ ہزاروں افراد نے ترال کے علاقے ہائینہ میں فردین احمد کھانڈے کے جنازے میں شرکت کی۔ انہیں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیاگیا۔