نا اہل اور کرپٹ حکمرانوںکی وجہ سے ٹرمپ کو آنکھیں دکھانے کی جرات ہوئی ‘عبدالعلیم خان

امریکی صدر کے ٹوئٹ نے عالمی امن داؤ پر لگا دیا ، بھارت کو خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے عمران خان ایک بار پھر سرخرو ہوئے ،ایسابہادر لیڈر ہی پاکستان کو خود مختار بنا سکتا ہے ‘بیان

منگل جنوری 19:15

نا اہل اور کرپٹ حکمرانوںکی وجہ سے ٹرمپ کو آنکھیں دکھانے کی جرات ہوئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ کو آنکھیں دکھانے کی جرائت ہوئی، لوٹ مار کا مال امریکہ اور برطانیہ سمیت بیرون ملک بینکوں میں بھرنے والے غیروں کے سامنے سر اٹھاکر بات نہیں کرسکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر کے ٹوئٹ نے عالمی امن داؤ پر لگا دیا لیکن بھارت کو خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے اور پاکستان کی طرف سے اس معاملے پر قومی امنگوںکے مطابق دو ٹوک موقف سامنے آنا چاہیے اور پاکستانی افواج اورعوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کو رائیگاں نہیں ہونا چاہیے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی معلوم ہے کہ شریف خاندان اور حواریوں کا سیاسی اکھاڑہ پاکستان جبکہ اکاؤنٹس اور اولادیں ان کے پاس ہیں،امریکی صدر نے اسی مفاد پرست ٹولے کی اوقات دیکھتے ہوئے ہرزہ سرائی کو وطیرہ بنالیا ہے لیکن دوسری طرف عمران خان چاروں مقدمات میں ایک بارپھر سرخرو ہوئے ہیں اور ثابت ہو گیا ہے کہ ایسا بہادر لیڈر ہی ملک کو خود مختار بنا سکتاہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے غیروں کی جنگ میں بہت کچھ گنوایا،60ہزار سویلین،10ہزار فوجی، نصف درجن بریگیڈیئر، کئی جنرل قربان کرنے کے باوجود نیت پر شک کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے قومی سوچ کا مظاہرہ کرنے اور ملک کا درد رکھنے والے رہنماؤں کی ضرورت ہے، فوج اور عدلیہ کا استحکام پاکستان کی بقا کیلئے ناگزیر ہے لیکن شریف خاندان چوری اور لوٹ مار کا مال چھپانے کیلئے ان کو ہی متنازعہ بنارہا ہے، انہوں نے کہا کہ محاذ آرائی کرنے والے تو خود کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیںوہ ملکی عزت اور وقار کیلئے عالمی سطح پر کیا بات کرینگی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پوری قوم امریکی پراپیگنڈا کیخلاف متحد اور ملک کو اس حال تک پہنچانے والے کرپٹ ٹبر کے منطقی انجام کی منتظر ہے،آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی ملک گیر کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو کرپٹ مافیا، قرضوں اور بیرونی امداد سے نجات دلائے گی،غیروں کے آگے جھکنے اور بھیک مانگنے کے بجائے عمران خان کی قیادت میں ایک خوددار قوم خوشحالی کی جانب بڑھتی نظر آئے گی۔