مقبوضہ کشمیر:مختار وازہ کا ترال اور یاسمین راجہ کادربگام میں شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی

بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیری نوجوان بندوق اٹھانے پر مجبور ہورہے ہیں

بدھ 3 جنوری 2018 20:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے پلوامہ میں شہید ہو نے والے نوجوانوں فردین احمد کھانڈے اور منظور احمد بابا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوئی ہے ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے ایک پارٹی وفد کے ہمراہ ترال میں شہید فردین احمد کھانڈے کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر ایک تعزیتی مجلس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا حل نہ ہونا خطے میں قتل و غارت کی بنیادی وجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت کی ضد، ہٹ دھرمی او تشدد پر مبنی پالیسیوںکی وجہ سے کشمیری نوجوان عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے توجموںو کشمیر سمیت پورے جنوبی ایشیا میںامن قائم ہوگا۔ وفد میں پارٹی رہنما فیا ض احمد بٹ، شکیل احمد میر، سہیل احمد آہنگر، گلزار احمد، غلام نبی اورمحمد یوسف شامل تھے ۔ادھرمسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ دربگام پلوامہ گئیں اور شہید منظور احمد بابا کے اہلخانہ سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہارکیا۔

یاسمین راجا نے بھارتی فورسز کی طرف سے پرامن مظاہرین پر فائرنگ سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی دہشت گردی قراردیا۔انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت سے مکمل آزادی کے حصول تک پرامن جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :