مشترکہ مزاحمتی قیادت کی سانحہ سوپورکے 25سال مکمل ہونے پر 6جنوری کو سوپور میں مکمل ہڑتال کی کال

عالمی برادری سانحہ سوپور سمیت مقبوضہ علاقے میں قتل عام کے تمام واقعات کی تحقیقات کرائے، جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے، اپیل

بدھ 3 جنوری 2018 22:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے سانحہ سوپورکے 25سال مکمل ہونے پر اس کی یاد تازہ کرنے کیلئے 6جنوری کو سوپور قصبے میں مکمل ہڑتال، جلسہ کرنے اور مزار شہداء تک پُرامن جلوس نکالنے کی کال دی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مزاحمتی رہنمائوں نے سرینگر میں جاری مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سانحہ سوپور اور مقبوضہ علاقے میں پیش آنے والے قتل عام کے دیگر تمام واقعات کی تحقیقات کرائے اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کو انصاف کے کٹہرے میںلانے کیلئے اپنااثرورسوخ استعمال کرے۔

انہوںنے کہا کہ تاریخ نے شاید ہی ایسی درندگی دیکھی ہو جب ماں کی گود سے اس کے شیرخوار بچے کو گھسیٹ کر آگ کے بھڑکتے شعلوں میں پھینک دیا گیا ہو اورمجبور ماں کے چیخ وپکار اور آہ وزاری کرنے پراسے گولیاں مارکر ہمیشہ کے لیے خاموش کردیا گیاہو۔

(جاری ہے)

آزادی پسند رہنمائوں نے کہا کہ اس روز وحشی فوجیوں نے بانڈی پورہ جانے والی ایک مسافر بس کو بھی آگ لگادی دی اور گولیاں برساکر کسی کو بس سے اترنے نہیں دیا تاکہ مسافر جلتی ہوئی بس میں دم توڑ دیں جبکہ بربریت اور سفاکیت کا ننگا ناچ کھیل کر 120مکانوں اور 350دوکانوں کو بھی کھنڈرات میں تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 6جنوری 1993ء کی اس طوفانِ بدتمیزی میں 55 معصوم شہریوں کو شہید کیا گیا۔مزاحمتی قیادت نے شہید ہونے والے 55عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہداء کو فراموش نہیں کرتیں اور وہ ان کے مشن کے پورا ہونے تک اپنی جدوجہد جاری رکھتی ہیں۔ مشترکہ قیادت نے سوپور کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد جامع مسجد سوپور میں جمع ہوجائیں جہاں مشترکہ قیادت کے اہتمام سے ایک جلسہ منعقد ہوگا اور شہداء کی ایصال ثواب کے لیے اجتماعی دُعا کی جائے گی۔

مزاحمتی قیادت نے سانحے میں جانی اور مالی نقصان برداشت کرنے والے خاندانوںسے ہمدردی کا اظہار کیا۔آزادی پسند رہنمائوں نے کہاکہ جامع مسجد میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد مزارِ شہداء تک پرامن جلوس نکالا جائے گا اور فاتحہ خوانی کے ساتھ شہداء کے مشن کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عہد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :