بھارت نے کشمیر کو پولیس اسٹیٹ اور بڑے جیل خانہ میں تبدیل کردیا ہے، یاسین ملک

کٹھ پتلی انتظامیہ کی ایماء پر نہتے کشمیریوں کوبدترین مظالم کا نشانہ بناتے ہوئے شہید ، نظربند اور بینائی سے محروم کیا جارہا ہے

جمعرات 4 جنوری 2018 12:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو ایک پولیس اسٹیٹ اور بڑے جیل خانہ میں تبدیل کردیا ہے جہاں اظہار رائے کی آزادی اور پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر سینٹرل جیل سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں حریت رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کی گرفتاریاں ، جیلوں اور پولیس اسٹیشنوں میں نظربندی ، کرفیو اور قدغنیں روز کا معمول بن چکا ہے اور لوگوں کو مظالم کا نشانہ بنانے کیلئے کریک ڈائون آپریشنز ایک عام بات ہے۔

انہوںنے کٹھ پتلی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ تمام مظالم وہی نام نہاد حکمران ڈھارہے ہیں جو لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے خیالات کی جنگ،گولی نہیں بولی اور ہیلنگ ٹچ کے مفروضے بیچتے رہتے تھے۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کی ایماء پر نہتے کشمیریوں کوبدترین مظالم کا نشانہ بناتے ہوئے شہید ، نظربند اور بینائی سے محروم کیا جارہا ہے جبکہ بچوں اور نوجوانوں سمیت لوگوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور مقبوضہ علاقے میں پرامن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد ہے جبکہ شدید ترین سرد موسم میں کریک ڈائون کر کے خاص طورپر جنوبی کشمیر کے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا گیا ہے۔

یاسین ملک نے کہاکہ ان بدترین مظالم کے بعد بھی کٹھ پتلی حکمران ڈھٹائی، بے شرمی اور منافقت کی حد پار کر رہے ہیں اور وہی میٹھے زہرآلود نعرے دے کر لوگوں کو دھوکہ دینے اور انکی تحریک آزادی کو شکست دینے کے خواب بن رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیر کو ایک بڑے جیل خانے اور پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے جہاں کوئی بھی متنفس اپنی آزادانہ مرضی سے سانس تک نہیں لے سکتا اور یہ سبھی جبر و ظلم آپریشن آل أوٹ کے نام پر کیا جارہا ہے جس کا مقصد بھارتی جابرانہ تسلط کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کو ختم کرنا اور آزادی و حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی تڑپ اور جذبے کو شکست دینا ہے۔

لبریشن فرنٹ کے سربراہ نے کہاکہ تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے لڑنے والی کمزور قوموں کو اس قسم کے جبر کا سامنا رہا ہے لیکن یہ ظلم و جبر نا ہی انہیں ہراپایا اور نہ آزادی کی جانب ان قوموں کی پیش قدمی کو کسی صورت میں روک سکا ہے۔اسی تناظر میں ہم بھی کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ پر باور کرانا چاہتے ہیں کہ ان کا یہ ظلم و جبر بھی کشمیریوں کے ارادوں اور حوصلوں کو شکست نہیں دے سکے گا اور کشمیری کبھی بھی ان کے سرینڈر نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی پولیس نے گزشتہ روز محمد یاسین ملک کو آبی گزر میں پارٹی دفتر سے گرفتار کر سرینگر سینٹرل جیل میں نظربند کردیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :