Live Updates

آزاد کشمیر میں بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز مقرر کرنا بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کے مترادف ہے،بیرسٹر سلطان

پی ٹی آئی کشمیر عمران خان کے ویژن ’اختیارات عوام میں نچلی سطح تک جانے چاہئیں ‘کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے، سابق وزیراعظم

جمعرات 4 جنوری 2018 18:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں بلدیاتی ایڈمنسٹریٹرز مقرر کرنا بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کے مترادف ہے۔ یہ بات تو سمجھ آرہی ہے کہ آزاد کشمیر حکومت عوام میں نہ صرف غیر مقبول ہے بلکہ نا پسندیدیگی کی حد تک جا چکی ہے اور وہ بلدیاتی الیکشن نہیں کرانا چاہتی تاہم آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے ایک وقت مقرر کیا تھا جو کہ گزر رہا ہے۔

یہ حکومت کی طرف سے توہین عدالت ہے میں سپریم کورٹ سے کہوں گا کہ وہ اس پر سوموٹو ایکشن لے۔بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پر پی ٹی آئی کشمیر نے عدالت سے رجوع کرنے کے لئے وکلاء سے صلاح مشورے شروع کردئیے ہیںکیونکہ پی ٹی آئی کشمیر عمران خان کے ویژن کہ اختیارات عوام میں نچلی سطح تک جانے چاہیں کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ یہ حکمران عوام کی کیا خدمت کریں گے یہ تو صرف اپنے محسنوں کی خدمت خاطر کے لئے بیٹھے ہیں۔

حکمرانوں کو یہ جان لینا چاہیے کہ جس طرح بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت جا رہی ہے اسی طرح اب آزاد کشمیر اور پاکستان میں بھی حکومتوں کا جانا ٹھہر گیا ہے۔جبکہ آزاد کشمیر حکومت شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرکے اب دھاندلی کی پیداوار بھی نہیں بچ سکے گی۔میں جلد اسپین (بارسلونہ )کا دورہء کرونگا اور کتھلونیہ کی نئی بننے والی حکومت سے کہوں گا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کشمیریوںکی حمایت کرے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں مختلف وفود اور اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وزیر خواجہ فاروق احمد، سابق مشیر چوہدری اخلاق احمد، ڈاکٹر انصر ابدالی، راجہ سکندر، چوہدری مطلوب اور نمبردار اقبال ایڈووکیٹ بھی وفد میں شامل تھے۔ نمبردار اقبال بارسلونہ میں واحد کشمیر وکیل ہیں۔

نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بارسلونہ کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وہ وہاں پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی پارلیمنٹ اور کتھلونیہ کی نئی بننے والی حکومت کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کرائیں گے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسپین کے دورے کی دعوت قبول کرلی جبکہ دورے کے وقت اور تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں اسوقت ن لیگ کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اتحادی بھی ان سے اب تنگ آچکے ہیں اور یہ یقینی طور پر پاکستان اور آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومتوں کے خاتمے کی ابتداء ہوگی۔

خود نواز شریف کے سعودی عرب سے واپسی پردئیے گئے بیان سے بکھلاہٹ کا اظہار ہوتا ہے کہ اب مسلم لیگ ن کا کھیل اب ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکا ہے اور این آر او کا تاثر دینے وال اب سیاسی طور پر عوام کے سامنے ننگے ہو چکے ہیں۔ اب عوام پی ٹی آئی کو اقتدار میں لاکر تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ ویسے بھی اسوقت جو صدر ٹرمپ کے بیانات اور سیز فائر لائن پر بھارت کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں یہ ثابت کر رہی ہیں کہ پاکستان نہ صرف اندرونی بلکہ بیرونی طور پر بھی چیلنجز میں گھرا ہوا ہے جبکہ اس کا مقابلہ صرف عمران خان ہی کر سکتے ہیں۔ اسی لئے عوام اب نواز شریف جیسے کرپٹ آدمی سے چھٹکارہ چاہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات